رجب بٹ اور ندیم مبارک کا گرفتاری سے بچنے کیلئے عدالت سے رجوع

تازہ ترین

تازہ ترین

رجب بٹ
(فوٹو: آن لائن)

معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ اور ندیم مبارک نے جوئے کی ایپ پروموشن کے مقدمے میں گرفتاری سے بچنے کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا۔دونوں ملزمان نے عدالت سے ضمانت کی درخواست کی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق رجب بٹ اور ندیم مبارک (نانی والا) نے لاہور کی مقامی عدالت میں درخواستِ ضمانت دائر کی۔ دونوں ٹک ٹاکرز نے بیرسٹر میاں علی اشفاق کی وساطت سے عدالت کو ضمانت کی درخواست دائر کی۔

ٹک ٹاکر رجب بٹ نے ایک جبکہ ندیم نانی والا نے این سی سی آئی اے مقدمے کے 2 مقدمات میں درخواستِ ضمانت دائر کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمات درست نہیں ہیں، تفتیش میں تعاون کیلئے بھی تیار ہیں، عدالت گرفتاری روکنے کا حکم دے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل متنازعہ پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کو برطانیہ سے ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے ویزا درخواست کے دوران اپنے زیر التوا قانونی مقدمات کا ذکر نہیں کیا جو ویزا قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

ابتدائی طور پر رجب بٹ اور ان کے ہمراہ یوٹیوبر ندیم مبارک کو برطانوی انٹیلی جنس ایجنسی نے حراست میں لیا تھا جب ان کے خلاف نامعلوم شکایات موصول ہوئیں کہ وہ دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہیں تاہم تحقیقات میں یہ الزامات غلط ثابت ہوئے مگر اس دوران ان کے امیگریشن دستاویزات کی جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پاکستان میں ان پر زیر التوا مقدمات موجود ہیں جن کا انہوں نے ویزا درخواست میں ذکر نہیں کیا تھا۔

Related Posts