بھارتی فلم ساز رام گوپال ورما کی غزہ کے متعلق بدترین بے حسی پر سوشل میڈیا بھڑک اٹھا

تازہ ترین

تازہ ترین

رام گوپال ورما، فوٹو غیرملکی میڈیا

فلم ساز رام گوپال ورما کو حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ پر شدید تنقید اور غصے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس میں انہوں نے غزہ پٹی میں جاری جنگ اور بمباری کا موازنہ بھارتی تہوار دیوالی سے کیا۔

اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر رام گوپال ورما نے لکھا: “ہندوستان میں صرف ایک دن دیوالی ہوتی ہے اور غزہ میں ہر دن دیوالی ہے۔” ساتھ میں اس نے آگ کا ایموجی بھی لگایا۔

اس متنازع بیان کو سوشل میڈیا صارفین اور عوامی شخصیات کی جانب سے انتہائی “بے حس”، “غیر انسانی” اور “قابلِ نفرت” قرار دیا جا رہا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ ورما کی یہ پوسٹ انسانی جانوں کے ضیاع، تباہی اور غزہ میں ہونے والے دکھ و تکلیف کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے، کیونکہ وہ ایک روشنیوں کے تہوار کا موازنہ ایک تباہ کن جنگ سے کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس بیان کے خلاف ردعمل کی لہر دوڑ گئی، ہزاروں صارفین نے فلم ساز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

شیو سینا (یوبی ٹی) کی رہنما پرینکا چترویدی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا: “سوچنا بھی ممکن نہیں کہ کوئی دیوالی جیسے خوشی کے تہوار کا موازنہ غزہ کی جنگی تباہی سے کرے۔ اتنی نفرت ایک شخص میں کہاں سے آتی ہے، یہ میری سمجھ سے باہر ہے۔”

کئی صارفین نے تو ایکس انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس پوسٹ کے خلاف کارروائی کرے، کیونکہ یہ نفرت پھیلانے اور بڑے پیمانے پر قتلِ عام کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

بہت سے لوگوں نے کہا کہ ورما کا بیان دیوالی کی اصل روح یعنی روشنی، امن اور امید کے بالکل برعکس ہے۔

فلم ساز رام گوپال ورما، جو پہلے بھی متنازع بیانات دینے کے لیے جانے جاتے ہیں، نے اب تک نہ کوئی معافی مانگی ہے اور نہ ہی وضاحت پیش کی ہے۔

اسکرین شاٹس ایکس

Related Posts