اماراتی جینیٹکس سائنسدان ڈاکٹر مریم نے بڑھاپے کو سائنس سے مات دیدی، جانئے ری جنریٹیو میڈیسن کیا ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

ڈاکٹر مریم مطر، فائل فوٹو

دبئی کی مشہور جینیٹکس ماہر ڈاکٹر مریم مطر نے یہ انکشاف کرکے پوری دنیا کو حیران کردیا ہے کہ ان کے جسم کی حیاتیاتی عمر صرف 28 سال ہے، حالانکہ وہ پچاس برس کی ہیں۔

ڈاکٹر مریم کا کہنا ہے کہ ان کے دل، جگر اور گردوں کی عمر تو صرف 16 سال کے برابر ہے اور یہ سب جدید سائنس اور ری جنریٹیو میڈیسن کی بدولت ممکن ہوا ہے۔

’ویمن اِن ٹیکنالوجی فورم‘ کے چھٹے ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ خواتین ذہانت اور عمر کے لحاظ سے مردوں سے حیاتیاتی طور پر برتر ہیں۔ ان کے مطابق “عورتوں کے پاس دو X کروموسوم ہوتے ہیں، جس سے انہیں قدرتی جینیاتی برتری حاصل ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مردوں کے مقابلے میں تقریباً پانچ سال زیادہ عمر پاتی ہیں۔”

ڈاکٹر مریم نے اپنی کم حیاتیاتی عمر کا راز بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی جادو نہیں بلکہ تحقیق پر مبنی سائنس ہے۔ “آج ٹیکنالوجی کی مدد سے ہم اپنے خلیوں کی حقیقی عمر جان سکتے ہیں اور ان پر اثرانداز ہونے والے عوامل کو قابو میں رکھ سکتے ہیں۔”

ان کی زندگی کا رخ 2011 میں جاپان میں بدل گیا، جب وہ جینیٹکس کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔ اپنے معمر استاد کی وفات نے انہیں جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ “لوگ کہہ رہے تھے کہ وہ تو ابھی جوان تھے، صرف 85 سال کے!” وہ لمحہ ان کے لیے موڑ ثابت ہوا اور انہوں نے ری جنریٹیو میڈیسن کا سفر شروع کیا۔

ڈاکٹر مریم کہتی ہیں کہ ہم خواتین قدرتی طور پر زیادہ تجزیاتی اور پیش گوئی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، تقریباً 99.9 فیصد زیادہ۔ وہ مسکرا کر کہتی ہیں کہ اگر کسی گھر میں کوئی ذہین لڑکا ہو، تو اس کی ماں کو پھول ضرور دیں، کیونکہ اس کی ذہانت کا بڑا حصہ اُسی سے آیا ہے۔

Longevity Institute کی تحقیق کے مطابق 2000 سے 2019 تک بایوٹیک کمپنیوں میں خواتین کی شراکت 27 فیصد رہی۔ ڈاکٹر مریم کے مطابق جو لڑکی 2021 میں پیدا ہوئی، اگر وہ صحت کا خیال رکھے تو وہ 97 سال تک زندہ رہ سکتی ہے، بشرطے کہ زندگی صرف لمبی نہیں بلکہ تندرست بھی ہو۔

ان کے بقول خواتین مردوں سے نہ صرف جینیاتی بلکہ نفسیاتی طور پر بھی مضبوط ہیں۔ اکثر مرد مایوسی میں ہار مان لیتے ہیں، جبکہ عورت زندگی سے جڑی رہتی ہے۔ اسی لیے وہ زیادہ جیتی ہیں۔

انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں ایک سائنسی مشورہ بھی دیا کہ جو خواتین دیر سے ماں بنتی ہیں، مثلاً 42 سال کی عمر میں، ان کے لمبی عمر پانے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ جدید تولیدی ٹیکنالوجی نے 46 سال تک کے محفوظ حمل کو ممکن بنا دیا ہے۔

Related Posts