لاہور: سابق مایہ ناز بلے باز اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے شرجیل خان، اعظم خان اور احسان علی فٹنس کو مایوس کن قرار دیدیا۔
انہوں نے کہا کہ تینوں بیٹسمین باصلاحیت ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے طویل تعطل کے دوران خاصا وقت ملنے کے باوجود یہ کھلاڑی اپنی فٹنس میں بہتری نہیں لاسکے،ان کو سمجھنا چاہیے کہ اس انداز میں کیریئر آگے بڑھانے کا موقع نہیں ملے گا۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں اعلیٰ معیار کی بولنگ کا سامنا اور فیلڈنگ کرتے ہوئے کمزوری عیاں ہوجائے گی۔ اگرچہ ان کی ٹائمنگ نیچرل ہے لیکن فٹ ورک میں مستعدی نہ ہونے کی وجہ سے ناکامی کا خدشہ ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بھی شرجیل خان کی فٹنس پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا تھا کہ مسلسل کام کرتے رہنے کی ضرورت ہوتی ہے، کوئی راتوں رات 15کلو وزن کم نہیں کرسکتا۔