شہرِ قائد میں پاکستان رینجرز سندھ نے اسٹریٹ کرائمز کی 400 سے زائد وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم نے جرائم کا اعتراف کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز نے ملزم کی گرفتاری کے متعلق اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ملزم موٹر سائیکل لفٹنگ، اسلحے کے زور پر لوٹ مار، موبائل فون چوری اور چھینا جھپٹی کی سیکڑوں وارداتوں میں ملوث ہے۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سال 2023کی پہلی چوری کی واردات
ترجمان پاکستان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم نے تفتیش کے دوران اپنے جرائم کا اقرار کر لیا۔ ملزم کی گرفتاری پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے ڈکیتیوں کا سامان برآمد ہوا۔
رینجرز کے بیان کے مطابق ملزم سے موبائل فونز، موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد ہوا جو مختلف وارداتوں میں استعمال کیا گیا ہے۔ ملزم نے 20 سے زائد موٹر سائیکلز، 60 سے زائد موبائل فونز کی چوری اور ڈکیتی کا اعتراف کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سال 2023کی پہلی چوری کی واردات ہوئی، جس کے دوران بنگلے میں موجود 50لاکھ سے زائد مالیت کی رقم اور زیور چوری کرلئے گئے۔
مالک مکان کا 2 روز قبل کہنا تھا کہ فیملی سمیت شہر سے باہر تھا، پڑوسی نے اطلاع دی کہ آپ کے گھر سے توڑ پھوڑ کی آوازیں آرہی ہیں۔گھر میں سارا سامان بکھرا پڑا تھا۔ الماری کے لاکر سے 50 لاکھ سے زائد نقد رقم اور زیورات غائب تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








