کراچی پولیس نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے مشتبہ ایجنٹ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بم اور دیگر غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا۔
ملزم کی شناخت محمد سلیم کے نام سے ہوئی جسے سندھ پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے ماڑی پور کے علاقے سے گرفتار کیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس شعیب میمن نے تصدیق کی کہ ملزم کو منوڑہ روڈ پر مچھلی چورنگی کے قریب سے گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس نے محمد سلیم سے ایک ہینڈ گرنیڈ، ایک بم، ایک لانچر اور ایک پستول سمیت مختلف محکموں کے سروس کارڈز برآمد کیے۔
ایس ایس پی شعیب میمن نے انکشاف کیا کہ ملزم کے پاس سیکورٹی اداروں سے بچنے کے لیے مختلف ناموں سے متعدد پاسپورٹ اور شناختی کارڈز تھے۔ اس کے علاوہ منوڑہ اور چائنا پورٹ کے نقشے بھی اس کے قبضے سے ملے۔
برآمد شدہ پاسپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ محمد سلیم نے کئی مواقع پر نیپال کے راستے پاکستان اور بھارت کے درمیان سفر کیا تھا۔
غیر قانونی اسلحہ اور دیگر پاکستان مخالف مواد کی برآمدگی کے بعد اس کے خلاف تین مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ملزم کی سرگرمیوں سے متعلق مزید تفصیلات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








