راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے سال 2025 کے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے جس میں مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 42.06 فیصد رہا۔
امتحانات میں ایک لاکھ 28 ہزار 453 امیدواروں نے اندراج کرایا، جن میں سے ایک لاکھ 25 ہزار 989 طلبا و طالبات نے امتحان میں حصہ لیا۔ ان میں سے 53 ہزار 657 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ 72 ہزار 312 طلبہ و طالبات ناکام قرار پائے۔
نتائج کے مطابق 2 ہزار 55 امیدوار امتحان میں شریک نہیں ہو سکے جبکہ 409 امیدواروں کے فارم مختلف وجوہات کی بنا پر منسوخ کر دیے گئے۔
لڑکیوں کی تعداد 63 ہزار 357 رہی جو کہ لڑکوں کی تعداد 62 ہزار 332 سے زیادہ ہے، جسے ماہرین تعلیم خواتین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور تعلیمی شمولیت کا واضح ثبوت قرار دے رہے ہیں۔
چیئرمین بورڈ عدنان خان، کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان اور سیکریٹری پروفیسر امجد اقبال خٹک نے مشترکہ طور پر نتائج کا اعلان کیا۔
اس موقع پر چیئرمین بورڈ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنٹرولر امتحانات، سیکریٹری بورڈ، تمام افسران اور عملے کو ان کی محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ لگن پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ نے شفافیت کو یقینی بنا کر نہ صرف اپنی کارکردگی کو بہتر بنایا ہے بلکہ دیگر تعلیمی بورڈز کے لیے بھی ایک مثال قائم کی ہے۔
چیئرمین عدنان خان نے کہا کہ راولپنڈی بورڈ کی نیک نامی اور وقار اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے اور سب کو مل کر ادارے کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کے لیے کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ بھی بورڈ اپنی شفافیت اور تعلیمی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے مزید ترقی کرے گا۔
امتحانات میں ناکام امیدواروں کو اگلے درجے میں پروموٹ کر دیا گیا ہے تاہم جن طلبہ کے مخصوص مضامین میں نمبر کم ہیں، انہیں ضمنی امتحانات میں دوبارہ شرکت کرنا ہوگی۔
سرکاری امیدوار اپنے اداروں سے جبکہ پرائیویٹ طلبہ بذریعہ ڈاک اپنے رزلٹ کارڈ حاصل کر رہے ہیں، اس کے علاوہ نتائج آن لائن بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








