اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر رضا باقر نے کہا ہے کہ مرکزی بینک سمندر پار پاکستانیوں کو اپنے وطن سے مالی طور پر منسلک رہنے میں سہولیات دینے کیلئے پر عزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے منعقدہ ویبنار میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن سے مالی طور پر منسلک رہنے میں سہولت دینے کے لیے پرعزم ہے۔
گورنر کو خوش آمدید کہتے ہوئے امریکا میں پاکستان کے سفیر سفیر ڈاکٹر اسد ایم خان نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی خدمت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے کیونکہ وہ پاکستان کی قومی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت دینے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔
امریکا میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد ایم خان نے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی پاکستان کو ملنے والی ترسیلات میں تیسری سب سے بڑی حصہ دار ہے۔سفارت خانہ اور امریکہ میں موجود اس کے قونصل خانے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہیں تاکہ انہیں ملک میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ آج کے ویبنار نے پاکستانی تارکین کو اسٹیٹ بینک کے گورنر اور اُن کی ٹیم سے براہ راست مکالمے کا موقع فراہم کیا تاکہ اپنے خیالات اُن تک پہنچائے جائیں اور جواب حاصل کیے جائیں۔ انہوں نے گورنر اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کیا ۔
سامعین کو معیشت کی کیفیت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی عالمی وباء پھیلنے سے قبل کیے گئےبھرپوراقدامات سے نئی حکومت کو ورثے میں ملنے والے ادائیگیوں کے توازن کا بحران حل کرنے میں مد د ملی۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ جرأت مندانہ اقدامات نے معیشت کو مضبوط قدموں پر کھڑا کر دیا اور کورونا کے خلاف جنگ کے لیے درکار پالیسی اقدامات کی گنجائش فراہم کرنے میں معاونت کی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آگے چل کر معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہو گی، جس پر چلتے ہوئے اس نے وبا سے قبل مضبوط ترقی کی تھی۔
بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے اسٹیٹ بینک کی کوششوں کی تفصیل بتاتے ہوئے ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی توجہ اس بات پر ہے کہ ان پاکستانیوں کو ڈیجیٹل ذرائع سے ایک محفوظ اور کارگر مالی نظام فراہم کیا جائے۔ اسٹیٹ بینک ایک ڈیجیٹل مالی ایکوسسٹم کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
اسٹیٹ بینک کے گورنر نے کہا کہ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مزید سہولتیں دینے کے لیے کام کر رہے ہیں جن کے تحت پاکستان کی فنانشیل مارکیٹوں تک ان کی رسائی بڑھائی جائے گی۔ خصوصاً بینک دولت پاکستان ملکی ترسیلات زر کی سہولتوں، پاکستان کی سرمایہ مارکیٹوں، صنعت، ریئل اسٹیٹ، میں سرمایہ کاری بڑھانے اور بیرون ملک پاکستانیوں کی لائف اسٹائل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
اِس موقعے پر اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر (پالیسی) ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے بارے میں شرکا کو تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی بینکاری کی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی تارکین وطن کو یہ موقع دیا گیا ہے کہ وہ دور رہ کر بھی ڈیجیٹل ذرائع سے کسی بینک یا سفارتخانےیا پا کستانی قونصلیٹ آفس جائے بغیر پاکستان میں اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت 8 پاکستانی بینکوں کے ذریعے شروع کی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک مستقبل میں اس فہرست میں دیگر بینکوں کو شامل کرتا رہے گا۔
ڈپٹی گورنر نے بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس پاکستانی روپے اور متعدد دیگر غیر ملکی کرنسیوں میں کھولے جا سکتے ہیں، یہ اکاؤنٹ ہولڈرز کو مکمل لائف اسٹائل بینکنگ سلوشن فراہم کرتے ہیں۔ روشن ڈجیٹل اکاؤنٹس کو حکومت پاکستان کی سیکورٹیز میں سرمایہ کاری کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جن میں حال ہی میں متعارف کرائے جانے والے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس بھی شامل ہیں جو ڈالر اور روپے میں پرکشش منافع کی پیشکش کرتے ہیں۔
مرتضیٰ سید نے مزید بتایا کہ روشن ڈجیٹل اکاؤنٹ کو پاکستان اور بیرون ملک میں ادائیگیوں اور رقوم نکلوانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان اکاؤنٹس میں ڈس انویسٹمنٹ آمدنیوں سمیت دستیاب رقوم کسی ریگولیٹری یا بینک کی منظوری کے بغیر منتقل کی جا سکیں گی۔ انہوں نے شریک افراد پر زور دیا کہ وہ اپنے بیرون ملک مقیم دوستوں اور اہل خانہ کو اس کے بارے میں بتائیں۔
ویبنار میں واشنگٹن ڈی سی، نیویارک، شکاگو اور لاس اینجلس کے علاوہ امریکہ کی بعض دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ممتاز اراکین اور اہم کمیونٹی تنظیموں اور کاروباری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور گورنر اسٹیٹ بینک اور پاکستانی سفیر کے خطاب پر مسرت کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر اسٹیٹ بینک مانیٹری پالیسی کا اعلان پیر کے روز کریں گے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








