رجسٹریشن فیس میں اضافہ، آئی بی اے سکھر میں ٹیسٹ؛ ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحانات متنازعہ ہونگے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ 2025 کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ داخلہ ٹیسٹ یکم اکتوبر کے بجائے 5 اکتوبر 2025 بروز اتوار پاکستان اور سعودی عرب میں ایک ساتھ منعقد ہوگا۔

امتحان پانچ جامعات کے ذریعے لیا جائے گا جن میں پنجاب کے لیے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ کیلئے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، خیبرپختونخوا کیلئے خیبر میڈیکل یونیورسٹی، بلوچستان کیلئے بولان میڈیکل یونیورسٹی اور وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سعودی عرب کیلئے ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد شامل ہیں۔

آن لائن رجسٹریشن 8 اگست سے 25 اگست تک جاری رہے گی جبکہ لیٹ رجسٹریشن 1 ستمبر تک ممکن ہے۔ امتحان کی فیس میں اضافہ کرتے ہوئے پاکستان میں 9 ہزار روپے اور سعودی عرب میں 45 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

فیس میں اضافے پر طلبہ اور والدین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین ڈاکٹر محبوب علی نے کہا کہ پچھلے چند سالوں میں فیس میں تقریباً 80 فیصد اضافہ ہوا ہے جو غریب اور متوسط طبقے کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

ڈاکٹر محبوب نے سندھ میں امتحان کا انعقاد سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کو دئیے جانے پر بھی سوال اٹھایا کہ کیا یہ میرٹ اور شفافیت کے تقاضوں پر پورا اترتا ہے؟ وہ توقع کرتے ہیں کہ اس سال پچھلے سال کی شکایات اور متنازعہ نتائج کا ازالہ ہو گا۔

Related Posts