وفاقی حکومت نے آئندہ 15 دنوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرول کی موجودہ قیمت 264 روپے 61 پیسے فی لیٹر ہے جو آئندہ پندرہ روز کے لیے بھی اسی سطح پر برقرار رکھی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے اس فیصلے کو عوام کیلئے وقتی ریلیف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے خاص طور پر ان دنوں میں جب مہنگائی کا دباؤ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 78 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 272 روپے 77 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جو گزشتہ نرخ سے قدرے زیادہ ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو چکا ہے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت کو برقرار رکھنا ایک مثبت قدم تصور کیا جا رہا ہے تاہم ڈیزل کی قیمت میں اضافہ آنے والے دنوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ڈیزل کا استعمال زیادہ تر ٹرانسپورٹ، زراعت اور مال برداری کے شعبوں میں ہوتا ہے لہٰذا اس کی قیمت میں اضافے کے اثرات مہنگائی کی عمومی شرح پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ عوامی حلقوں میں اس فیصلے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور روپے کی قدر میں ممکنہ اتار چڑھاؤ کے باعث مستقبل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید ردوبدل بھی خارج از امکان نہیں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








