اسلام آباد: ملک کے مختلف صوبوں میں خواتین کے خلاف جرائم کی رپورٹ میں ہولناک انکشافات سامنے آئے ہیں جہاں پنجاب اور سندھ مختلف قسم کے جرائم میں سب سے آگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خواتین سے جنسی زیادتی کے سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں رپورٹ ہوئے۔ غیر سرکاری سماجی تنظیم سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے پاکستان میں خواتین کے خلاف جرائم کی تفصیلی رپورٹ شائع کردی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں جنسی زیادتی کے 7 ہزار 10 کیسز سامنے آئے جن مین سے 6 ہزار 624 کیسز کا تعلق پنجاب سے ہے۔ سب سے زیادہ اغوا کے کیسز صوبہ سندھ سے سامنے آئے جہاں 1 ہزار 666 خواتین اغوا ہوئیں اور سب سے زیادہ قتل بھی کیا گیا۔
غیرت کے نام پر قتل کے سب سے زیادہ کیسز سندھ میں رپورٹ ہوئے۔ سندھ میں 258 خواتین کو غیر کے نام پر قتل کردیا گیا، جن میں کاروکاری کے واقعات بھی شامل ہیں جبکہ ملک بھر میں غیرت کے نام پر قتل کی جانے والی خواتین کی تعداد اس سے 2گنا ہے۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ رپورٹ صوبائی پولیس محکمہ جات میں درج درخواستوں سے حاصل کردہ اعدادوشمار پر مبنی ہے۔ رپورٹ میں جنسی زیادتی، غیرت کے نام پر قتل سمیت دیگر جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جرائم کو دردناک قرار دیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








