نئی دہلی: کورونا لاک ڈاؤن کے دوران بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کو ہدف بنایا گیا۔ عالمی ادارے کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ بھارت نے اقلیتوں پر سب سے زیادہ مظالم ڈھائے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا سے متاثرہ ممالک میں بھارت امریکا کے بعد دنیا کا دوسرا بد ترین ملک ہے جہاں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تاہم لاک ڈاؤن کے دوران مودی حکومت اقلیتوں کو ہدف بنانے کے معاملے میں دنیا بھر میں سب سے پہلے نمبر پر آگئی۔
کابل میں پاکستان نواز جہادی کمانڈر حکمت یار کی مسجد پر حملہ
امریکی تھنک ٹینک پیور ریسرچ سینٹر کا اپنی ایک تحقیقی رپورٹ میں کہنا ہے کہ بھارت دنیا میں سب سے خراب کارکردگی والے ممالک میں پہلے نمبر پر آگیا۔ 2020 میں بھارت نے کورونا کے نام پر اقلیتوں کو ہدف بنایا اور سوشل میڈیا پر طرح طرح کی مہم بھی چلائی۔
سوشل میڈیا مہم کے دوران اقلیتوں کے خلاف کورونا جہاد جیسے متعدد ہیش ٹیگ استعمال کرکے مہم چلائی گئی۔ پیور ریسرچ سینٹر کا کہنا ہے کہ دنیا کے 198 ممالک پر کی گئی تحقیق میں سب سے بری کارکردگی بھارت کی رہی جو نائیجیریا، افغانستان اور اسرائیل جیسے ممالک سے بھی بد تر رہا۔
فہرست میں مصر، لیبیا اور شام جیسے ممالک کو بھی شامل کیا گیا۔ فہرست میں پہلی رینکنگ کا مطلب خراب ترین کارکردگی تھا جبکہ پیور ریسرچ سینٹر کا کہنا تھا کہ بھارت کی ایس ایچ آئی رینکنگ اوّل نمبر پر سب سے خراب رہی۔
وائرس (کورونا) کے ابتدائی دور میں جب بھارتی دارالحکومت دہلی میں تبلیغی جماعت کے متعلق تنازعہ ہوا، وہ بھی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر اسلاموفوبیا کو فروغ دینے کیلئے ہیش ٹیگز استعمال کرتے ہوئے مسلمانوں کو کورونا پھیلانے کا غلط طور پر ذمہ دار قرار دیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








