اتنی تمہاری عمر نہیں جتنا میرا تجربہ! آر جے مہوش کا یوزویندر چہل سے تعلق و ٹرولنگ کا منہ توڑ جواب

تازہ ترین

تازہ ترین

RJ Mahvash responds strongly to trolls linking her career with Chahal
ONLINE

آرجے، اداکارہ اور معروف سوشل میڈیا تخلیق کار مہوش ان دنوں شدید آن لائن تنقید کی زد میں ہیں، جہاں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان پر یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ اُن کا کیریئر بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل سے مبینہ تعلقات کی بدولت فروغ پایا۔

مہوش کا نام چہل کے ساتھ پہلی بار گزشتہ برس چیمپئنز ٹرافی کے دوران جوڑا گیا تھا اور حالیہ آئی پی ایل 2025 میں پنجاب کنگز کے میچز کے دوران ان کی موجودگی نے ان افواہوں کو مزید تقویت دی۔

خاص طور پر چہل کی مارچ 2025 میں بھارتی کوریوگرافر دھن شری ورما سے طلاق کے بعد یہ قیاس آرائیاں پھر سے خبروں کی زینت بن گئیں۔

ان الزامات اور ذاتی حملوں کے جواب میں مہوش نے انسٹاگرام پر ایک وائرل ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے نہایت دوٹوک اور واضح انداز میں سوشل میڈیا ٹرولز کو جواب دیا۔

ویڈیو میں انہوں نے ان کمنٹس کے اسکرین شاٹس دکھائے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یوزی بھائی نے اس کا کیریئر سیٹ کر دیا۔

اس پر مہوش نے جواب دیا کہ میں 2019 سے اس انڈسٹری میں ہوں اور اس کے ساتھ اپنی فنی زندگی کے مختلف مراحل کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں جن میں بالخصوص فلم ’سیکشن 108‘ کے سیٹ کی جھلکیاں شامل تھیں۔ یہ وہی فلم ہے جس کی وہ پروڈیوسر بھی ہیں اور اس میں لیجنڈری اداکار نواز الدین صدیقی بھی جلوہ گر ہوئے۔

 

مہوش نے ان لوگوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا جو ان کی کرکٹ نالج پر سوالات اٹھا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس وقت سے کرکٹ ایونٹس کی میزبانی شروع کی تھی جب تم پیدا بھی نہیں ہوئے تھے، اس لیے واٹس ایپ یونیورسٹی کے فارورڈ میسجز پر مت جاؤ۔

جب انہیں بے صلاحیت قرار دیا گیا تو انہوں نے فخر سے بتایا کہ میں ایک سائنسدان کی بیٹی ہوں، دو کتابوں کی مصنفہ ہوں اور میرا کام ایمیزون پر موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بل بوتے پر خود کو ایک ریڈیو ہوسٹ، مواد تخلیق کار، اداکارہ، مصنفہ، پروڈیوسر اور اب فلمی دنیا میں ایک مرکزی کردار کے طور پر منوایا ہے۔ ان کی حالیہ فلم ’پیار، پیسہ، پرافٹ‘ میں انہوں نے مرکزی کردار نبھایا ہے جو پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوئی۔

اپنے تنقید نگاروں کو مخاطب کرتے ہوئے مہوش نے کہا کہ تمہاری عمر اتنی نہیں جتنی میری محنت کی تاریخ ہے، اس لیے آئندہ کچھ بولنے سے پہلے سوچا کرو۔

مہوش اور چہل کے درمیان تعلق کی خبریں ابھی تک کسی جانب سے واضح طور پر نہ تو تسلیم کی گئی ہیں اور نہ ہی ان کی تردید ہوئی ہے لیکن دونوں کی عوامی ملاقاتیں، سوشل میڈیا پر سرگرمیاں اور مشترکہ تقاریب میں موجودگی اب بھی عوامی تجسس کا باعث بنی ہوئی ہے۔

ایک انٹرویو میں مہوش نے مسکرا کر کہا تھا کہ میں سنگل ہوں اور خوش ہوں لیکن یہ بیان بھی سوشل میڈیا پر پھیلی ہوئی چہ میگوئیوں کو کم نہ کر سکا۔

Related Posts