تصویر اور آئرس اسکین لازمی! نادرا کے شناختی کارڈز، فارم بی اور ایف آر سی سے متعلق نئے قواعد جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

QR codes, iris scan, revised child registration process introduced under NADRA’s new CNIC rules
FILE PHOTO

قومی ڈیٹا بیس اور رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نیشنل آئیڈنٹیٹی کارڈ رولز 2002 میں اہم تبدیلیاں متعارف کروا دی ہیں جن کا مقصد ڈیٹا کی درستگی کو بہتر بنانا، بچوں کی اسمگلنگ کی روک تھام اور قانونی دستاویزات کو مضبوط بنانا ہے۔

نادرا کے سرکاری اعلان کے مطابق اب فارم بی کے حصول کے لیے مقامی یونین کونسل کی سطح پر بچے کی پیدائش کا اندراج لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے جعلی رجسٹریشنز کا خاتمہ اور بچوں کی اسمگلنگ پر مؤثر قابو پانے کی توقع کی جا رہی ہے۔

بی فارم کے نئے قواعد
تبدیل شدہ پالیسی کے تحت درج ذیل رہنما اصول لاگو ہوں گے:

تین سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے بایومیٹرک ڈیٹا یا تصویر جمع کروانا ضروری نہیں ہوگا۔

تین سے دس سال کی عمر کے بچوں کے لیے تصویر اور آئرس اسکین لازمی ہوگا۔

دس سے اٹھارہ سال کے بچوں کے لیے تصویر، بایومیٹرک ڈیٹا اور آئرس اسکین تینوں درکار ہوں گے۔

اب ہر بچے کو انفرادی بی فارم جاری کیا جائے گا جس پر مدتِ کار بھی درج ہوگی۔ پرانے بی فارم بدستور قابلِ قبول ہوں گے تاہم اب پاسپورٹ کے حصول کے لیے نیا بی فارم جمع کروانا لازمی ہوگا۔

خاندانی رجسٹریشن کا نظام مزید مضبوط
نادرا نے خاندانی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی ) کو قانونی حیثیت دے دی ہے اور شہریوں کو اپنے خاندانی کوائف کی درستگی کی تصدیق کے لیے باضابطہ اعلان جمع کروانا ہوگا۔

جدید نظام کے تحت:
ایف آر سی صرف نادرا کے ریکارڈ کی بنیاد پر جاری ہوگا جس سے شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ان اہل خانہ کے افراد کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی جن کا اندراج ابھی تک نہیں ہوا۔

شہری نادرا دفاتر یا موبائل ایپ کے ذریعے خاندانی معلومات میں اصلاح کر سکیں گے۔

ایسے مرد افراد کے لیے بھی مکمل ریکارڈ شامل کیا جائے گا جن کی ایک سے زائد بیویاں ہوں۔

خواتین کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ شناختی کارڈ پر والد یا شوہر، کسی ایک کا نام درج کروا سکتی ہیں۔

شناختی کارڈز سے متعلق اہم اقدامات
نادرا اب شناختی کارڈ کی ضبطی، منسوخی یا بحالی سے متعلق کیسز کو 30 دن کے اندر نمٹائے گا، تاکہ وہ معاملات جو پہلے غیر معینہ مدت تک زیر التوا رہتے تھے، اب جلد حل ہو سکیں۔

کم قیمت، بغیر چپ کے شناختی کارڈز متعارف
نادرا نے ایک نیا بغیر چپ والا شناختی کارڈ بھی متعارف کروا دیا ہے، جو اسمارٹ کارڈ کی زیادہ تر خصوصیات رکھتا ہے، مگر کم قیمت پر اور تیز تر ڈیلیوری کے ساتھ دستیاب ہوگا۔ اس کارڈ میں درج ذیل فیچرز شامل ہوں گے:

معلومات اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں
فوری تصدیق کے لیے کیو آر کوڈ (بغیر کسی اضافی فیس کے)
یہ اقدام شہریوں کے لیے شناختی عمل کو مزید قابل رسائی بنانے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی اور کارکردگی کے اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

شہریوں کے لیے اپیل
نادرا نے ایسے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے جن کے شناختی کارڈز میں غلط یا پرانی معلومات درج ہیں، کہ وہ از خود رجوع کریں اور اپنے کوائف کو درست کروائیں۔

Related Posts