کراچی کا نظام تباہ! ہزاروں کے ای چالان کہاں کا انصاف ہے؟ حافظ نعیم الرحمان

تازہ ترین

تازہ ترین

Roads not built, e-challans worth thousands issued: Hafiz Naeem
ONLINE/FILE PHOTO

امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی میں سڑکیں تعمیر نہیں ہوئیں، ٹرانسپورٹ کا نظام تباہ حال ہے مگر شہریوں کو ہزاروں روپے کے ای چالان تھما دیے جا رہے ہیں، جماعت اسلامی کراچی کو لوٹ مار اور قبضہ مافیا کے نظام سے آزاد کروائے گی۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے منتخب نمائندے اپنی استعداد سے بڑھ کر شہر کے مسائل کے حل کے لیے کام کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق کراچی کے 9 ٹاؤنز میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو چکا ہے لیکن شہر کے بنیادی مسائل جوں کے توں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کے کاموں پر بھی نظر رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایس 3 سیوریج منصوبہ کہاں گیا؟، کراچی سرکلر ریلوے کیوں نہیں بن سکی؟، ریڈ لائن منصوبے نے یونیورسٹی روڈ کو برباد کر دیا اور اورنج لائن بھی ابھی تک اورنگی کے تمام علاقوں تک نہیں پہنچی۔

حافظ نعیم نے کہا کہ کراچی میں قبضوں کی سیاست جاری ہے، پہلے دیہات اور گوٹھوں پر قبضے کیے گئے، اب شہری علاقے بھی محفوظ نہیں رہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ لاہور میں جہاں 200 روپے کا چالان ہے، وہیں سندھ میں 5 ہزار روپے کا ای چالان جاری کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسا انصاف ہے؟ سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، نظام تباہ ہے مگر شہریوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے من پسند حد بندیوں کے ذریعے نتائج اپنے حق میں موڑ لیے اور دھاندلی کے ذریعے اپنا میئر منتخب کرایا۔

حافظ نعیم کے مطابق انتخابات کے بعد کہا گیا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دیے جائیں گے تاکہ عوامی مسائل حل ہوں، مگر پیپلز پارٹی نے تاحال اختیارات ٹاؤن سطح تک منتقل نہیں کیے۔

انہوں نے بتایا کہ کچرا اٹھانے کا مکمل اختیار سندھ حکومت کے پاس ہے جبکہ گھروں سے کچرا اٹھانے کے بدلے رقم عوام خود ادا کرتے ہیں۔ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ صرف لینڈ فل سائٹ تک پہنچانے کا کام کرتا ہے، مگر صفائی کا نظام مکمل طور پر ناکام ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ کراچی کے عوام اب مزید ظلم، کرپشن اور قبضہ مافیا کے نظام کو برداشت نہیں کریں گے، جماعتِ اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور شہر کو اس استحصالی نظام سے نجات دلائے گی۔

Related Posts