معروف پنجابی گلوکارہ نصیبو لال کے بارے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں کہ انہوں نے 56 سال کی عمر میں بیٹے کو جنم دیا ہے بالکل غلط ثابت ہوئیں۔
ان افواہوں کے پھیلنے کے بعد نصیبو لال نے خود وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماں نہیں بلکہ دادی بنی ہیں کیونکہ ان کے بیٹے مراد کے ہاں حال ہی میں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا کے مختلف صفحات پر نصیبو لال اور ان کے شوہر کی ایک تصویر وائرل ہوئی، جس میں وہ ایک نوزائیدہ بچے کو اٹھائے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔

اس تصویر کے ساتھ یہ غلط دعویٰ کیا گیا کہ گلوکارہ نے خود بچے کو جنم دیا ہے۔ یہ خبر تیزی سے سوشل میڈیا پر پھیل گئی اور متعدد پلیٹ فارمز پر بغیر کسی تصدیق کے شیئر کی جاتی رہی۔
بالآخر نصیبو لال نے اپنے سرکاری فیس بک اکاؤنٹ پر ایک کہانی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جھوٹی خبروں سے دور رہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حقیقت صرف اتنی ہے کہ ان کے بیٹے مراد کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، جس پر وہ دادی بننے پر خوش ہیں۔

متعدد صارفین اور قریبی ذرائع نے بھی تصدیق کی کہ نصیبو لال کے بارے میں پھیلنے والی خبریں جھوٹ پر مبنی تھیں اور اصل میں ان کے بیٹے کے ہاں بچے کی ولادت ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے گلوکارہ کے خلاف غلط معلومات پھیلانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی نئی خاندانی خوشی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








