عید الاضحی اپنے ساتھ قربانی اور ایثار کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت پر مامور غیر سرکاری اداروں کیلئے بھی معاون ثابت ہوتی ہے، مستقل ذرائع آمدن نہ ہونے کی وجہ سے عید الاضحی پر قربانی کے جانوروں کی کھالوں سے یہ غیر سرکاری ادارے اپنے امور کو سرانجام دیتے ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن
پاکستان کا سب سے بڑا فلاحی ادارہ ایدھی فاؤنڈیشن انسانیت کی فلاح اور خدمت کیلئے پورے ملک میں فعال کردار ادا کررہا ہے، غریب نادار ، مستحق افراد کی خدمت کے علاوہ حادثات میں ایدھی فاؤنڈیشن کے رضا کار سب سے آگے دکھائی دیتے ہیں۔ عید قرباں پر ملنے والی کھالوں سے ایدھی فاؤنڈیشن کو بڑی حد تک مالی مدد ملتی ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن
جماعت اسلامی پاکستان کے زیر انتظام الخدمت فاؤنڈیشن بھی ملک بھر میں انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہتا ہے جبکہ ملک میں کوئی بھی سانحہ یا قدرتی آفت رونما ہو ، الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کار امداری سرگرمیوں کے علاوہ متاثرین کی داد رسی اور بحالی کیلئے بھی سرگرمیاں انجام دیتے ہیں، قربانی کی کھالیں الخدمت فاؤنڈیشن کو اپنی خدمات کی انجام دہی میں بڑی مدد فراہم کرتی ہیں۔
شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال
وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خواب کی تعبیر شوکت خانم میموریل کینسر اسپتا ل ملک میں کینسر کے مریضوں کے علاج اور تشخیص کی خدمت پر مامور ادارہ ہے اور ہر سال عید الاضحی پر ملنے والی کھالوں سے یہاں آنیوالے غریب اور مستحق مریضوں کو علاج اور تشخیص کی مد میں مدد فراہم کی جاتی ہے۔
چھیپا ویلفیئرفاؤنڈیشن
پاکستان میں انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے خدمات انجام دینے والوں میں چھیپا ویلفیئر کا نام بھی نمایاں مقام رکھتا ہے، حادثات اور سانحات میں چھیپا ویلفیئرکے رضا کار ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنی خدمات انجام دیتے ہیں اور عید الاضحی پر ملنے والی کھالوں سے اس ادارہ کو اپنے انتظامات بہتر بنانے اور خدمات کا دائرہ کار بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔
جے ڈی سی
جعفریہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے دیکھتے ہی دیکھتے کراچی میں اپنا ایک نمایاں مقام بنالیا ہے، خاص طور پر کورونا وائرس کی وباء کے دوران جے ڈی سی کی جانب سے راشن کی بلاتفریق تقسیم نے جے ڈی سی کو ایک بڑے فلاحی ادارے میں تبدیل کردیا ہے۔ یہاں دی جانیوالی کھالوں سے ملنے والی رقوم انسانوں کی فلاح کیلئے خرچ کی جاتی ہیں۔