ماہرہ خان کے ساتھ لندن میں جسمانی ہراسانی کا افسوسناک واقعہ

تازہ ترین

تازہ ترین

ہجوم میں ماہرہ خان بری طرح پھنس گئیں، فوٹو دی کرنٹ

پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ ماہرہ خان کو لندن میں اپنی آنے والی فلم ‘لَو گُرو’ کی پروموشن کے دوران ایک افسوسناک واقعے کا سامنا کرنا پڑا۔

اداکارہ لندن کے علاقے اِلفورڈ ٹاؤن میں انڈو پاک سپر مارکیٹ اسٹور پر ساتھی اداکار ہمایوں سعید کے ساتھ پہنچی تھیں جب سیکیورٹی کی جانب سے ہجوم کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کے باعث انہیں کم از کم تین افراد نے جسمانی طور پر ہراساں کیا۔

ہنگامہ ایکسپریس کے مطابق تقریب میں ماہرہ خان اپنے ساتھی اداکار ہمایوں سعید کے ہمراہ شریک تھیں، مگر سیکیورٹی کی ناکامی کے باعث ہجوم پر قابو نہ پایا جا سکا، جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ بری طرح ہجوم کے درمیان گھری ہوئی ہیں اور شدید بدنظمی کے دوران اسٹور کے اندر داخل ہو رہی ہیں۔

 ذرائع کے مطابق جب ماہرہ خان اسٹور کے اندر گئیں تو ایک سیکیورٹی گارڈ سمیت کم از کم دو افراد نے انہیں نامناسب انداز میں چھوا، جس سے وہ واضح طور پر پریشان اور غیر مطمئن دکھائی دیں۔ یہ سب اس وقت پیش آیا جب وہ اسٹور کی چھت پر جا کر مداحوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلانے کے لیے جا رہی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہرہ نے اس واقعے پر منتظمین سے فوری احتجاج کیا اور اپنی مایوسی اور دکھ کا اظہار کیا۔ وہ تقریب کے دوران بھی خاصی ہچکچاہٹ کا شکار رہیں، نہ صرف ہجوم کے غیرمہذب رویے کی وجہ سے بلکہ خاص طور پر موجودہ پاک-بھارت کشیدگی کے تناظر میں وینیو پر موجود بھارتی پرچموں کی موجودگی بھی ان کے لیے باعثِ اضطراب بنی۔

رپورٹس کے مطابق اس تقریب کے لیے منتظمین کی جانب سے اسٹور مالکان نے 5 ہزار پاؤنڈز کی ادائیگی کی، تاہم ماہرہ خان کو اس میں سے کوئی رقم نہیں ملی۔

ہنگامہ ایکسپریس کے مطابق قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہرہ نے فلم کی تشہیر کے لیے رضاکارانہ طور پر اس تقریب میں شرکت کی اور اس کے لیے انہوں نے کوئی معاوضہ وصول نہیں کیا۔

Related Posts