حکومت کا ساحلی علاقوں کے نوجوانوں کیلئے خصوصی اسکالر شپس کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو

وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز محمد جنید انور چوہدری نے “میری ٹائم ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ” (MEEF) کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد پاکستان کی ساحلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے مستحق اور ہونہار طلبہ کو وظائف فراہم کرنا ہے۔

ذرائع ابلاغ کیلئے جاری کردہ ایک بیان میں وزیر میری ٹائم نے اس فنڈ کو ایک تربیت یافتہ اور مسابقتی سمندری افرادی قوت کی تشکیل کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ملک کی طویل المدتی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

یہ اقدام سندھ اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں موجود 70 سے زائد ساحلی اور ماہی گیر برادریوں کے نوجوانوں کیلئے مفید اور کارآمد ثابت ہوگا۔

فنڈ کے مؤثر نفاذ کے لیے حکومت ایک خودمختار نگران کمیٹی تشکیل دے گی، جو شفافیت کو یقینی بنائے گی، وظائف کی منصفانہ تقسیم کی نگرانی کرے گی اور ایک مضبوط مانیٹرنگ و جانچ کا نظام قائم کرے گی۔

اعلامیہ کے مطابق یہ فنڈ حکومت کی اس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد پسماندہ ساحلی علاقوں میں تعلیم پر مبنی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

MEEF کی مالی معاونت وزارت کے ماتحت اداروں کی کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلٹی (CSR) کے فنڈز سے ہوگی، جنہیں ازسرنو منظم کر کے ایک مرکزی اور پائیدار نظام میں ڈھالا جائے گا، تاکہ ساحلی نوجوانوں کو طویل مدتی تعلیمی مواقع اور رسائی حاصل ہو سکے۔

Related Posts