پاکستان کی مشہور اداکارہ سجل علی کی برائیڈل ملبوسات میں دلکش تصاویر نے مداحوں کو دیوانہ بنادیا،یہ تمام تصویریں رنگوں، نفاست اور بھرپور دستکاری کا حسین امتزاج ہیں جن میں سجل علی پس منظر کی مدھم روشنی کے درمیان نمایاں انداز میں دکھائی دیتی ہیں۔
سجل علی پہلی تصویر میں وہ ہلکے شیمپین گولڈ بروکیڈ میں جلوا گر ہیں، جس کے کپڑے پر باریک سیکوئن، موتیوں کی کڑھائی اور پھولوں کے نمونے خوبصورتی سے جڑے ہوئے ہیں۔
دوپٹہ نہایت ہلکا اور بازوؤں کے گرد خوبصورتی سے لپٹا ہوا ہے جبکہ روایتی عروسی زیورات، موتیوں کے کئی تہوں والے ہار، ٹیکہ، جھومر، بھاری بالیاں اور نتھ ان کے انداز کو مزید شاہانہ بناتی ہے۔ میک اپ نہایت ہلکا رکھا گیا ہے تاکہ لباس کی باریک کاریگری نمایاں رہے۔
اگلی جھلک مں سجل علی نازک پنک لہنگا زیب تن کیے دکھائی دیتی ہیں۔ آرگنزا کی نفیس قمیض پر ہاتھی دانت رنگ کے پھولوں کی کڑھائی ہے جبکہ لہنگے کی تہہ دار ساخت اسے نہایت نرم اور خواب ناک انداز دیتی ہے۔ اس پر خوبصورت زیورات، نرم بال اور گلابی میک اپ ان کی خوبصورتی کو ابھارتے ہیں۔
تیسری تصویر میں وہ پستہ سبز اوپن گاؤن فراک نما جوڑے میں نہایت دلکش دکھائی دیتی ہیں۔ نیٹ کا یہ لباس مکمل طور پر ہاتھ کی باریک سلور کڑھائی، گوٹا ورک اور آئینے جیسے جھلملاتے ٹکڑوں سے مزین ہے۔
بھاری گلے کا ڈیزائن ان کے شاہانہ چوکر سے ہم آہنگ ہے۔ دوپٹہ اس جوڑے کا خاص حصہ ہے، جس پر باریک پھولوں کی گھنی کڑھائی اور کناروں پر ہموار کٹ ورک موجود ہے جبکہ ہاتھ میں پکڑا بیڈڈ پوتلی بیگ عروسی روایت کی جھلک نمایاں کرتا ہے۔
آخرمیں سجل علی گہرے مرون رنگ کے بے آستین عروسی لباس میں نہایت جرات مندانہ اور شاندار دکھائی دیتی ہیں۔ شرارہ نما اس جوڑے کی باریک سیاہ زری کڑھائی اور قدیم انداز کے موتیوں کا کام اسے شاہی اور پُراثر بناتا ہے۔
بالوں کو سلیقے سے باندھا گیا ہے جبکہ اسموکی آئی میک اپ اور نرم لب رنگ اس لباس کی جرات مندانہ جھلک میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔ یہ روپ سجل علی کو ایک طاقتور، پُر وقار اور منفرد دلہن کے طور پر پیش کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








