اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ قانونی امور پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں تاہم پارٹی کے لیے اپنی قانونی خدمات بلا معاوضہ جاری رکھیں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وہ باضابطہ طور پر چیئرمین عمران خان سے درخواست کریں گے کہ انہیں اس عہدے سے سبکدوش کردیا جائے۔
آج ایک ایسا واقعہ ہوا ہے جو اب مجھ سے دو ٹوک فیصلے کا تقاضا کرتا ہے۔ میری زندگی کھلی کتاب ہے۔ میرا کوئی عمل کسی اصول سے متصادم نہیں۔ فکری و معاشی دیانت پر سمجھوتہ مجھے قبول نہیں۔ کل میں خان صاحب سے گزارش کر کے عہدے سے علیحدہ ہو جاؤں گا۔ میری وکالتی خدمات بلامعاوضہ حاضر رہیں گی۔
— salman akram raja (@salmanAraja) August 25, 2025
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ منگل کو انہوں نے ایڈووکیٹ علی بخاری کے ذریعے عمران خان کو یہ درخواست بھیجی تھی کہ پارٹی رہنماؤں کو سنائی جانے والی غیرمنصفانہ سزاؤں کے پیش نظر وہ اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونا چاہتے ہیں تاکہ قانونی معاملات پر بھرپور توجہ دے سکیں تاہم اس وقت ان کی درخواست قبول نہیں کی گئی تھی۔
انہوں نے چیئرمین کی جانب سے دیے گئے اعتماد پر شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ وہ کوئی روایتی سیاستدان، جاگیردار یا صنعتکار نہیں بلکہ ایک عام گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے اپنے چھوٹے سے خاندان کے ساتھ پارٹی کے اندر اور باہر ہر قسم کے دباؤ اور حملوں کا سامنا کیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی کامیاب وکالت کیریئر اور مالی استحکام کو پسِ پشت ڈال کر تحریک انصاف کا ساتھ دیا اور اس پر انہیں کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








