ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت کی بیٹی تریشالا دت نے انسٹاگرام پر ایک کھلا نوٹ شیئر کیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر شدید بحث کو جنم دے دیا۔
ان کا یہ پیغام خاندانی تعلقات میں دراڑوں اور ذہنی صحت کی اہمیت پر مرکوز تھا جسے کئی لوگ ان کے ذاتی مسائل کا عکاس سمجھ رہے ہیں۔

وائرل ہونے والے اس پیغام میں تریشالا دت نے واضح کیا کہ خاندانی رشتے کسی کو یہ حق نہیں دیتے کہ وہ دوسروں کے ساتھ بدسلوکی یا ان پر دباؤ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی ذہنی سکون کی حفاظت دکھاوے سے زیادہ ضروری ہے اور اگر ضرورت پڑے تو قریبی رشتہ داروں سے کم یا بالکل بھی تعلق نہ رکھنا ایک جائز فیصلہ ہے۔
یہ پوسٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب چند روز قبل ہی انہوں نے اپنے والد سنجے دت کو سالگرہ کی مبارکباد دی تھی جس کے بعد ان کے اس بیان کے وقت پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
اگرچہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا لیکن عام خیال ہے کہ یہ نوٹ گہرے خاندانی مسائل کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
سنجے دت اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ وہ تریشالا کو فلمی دنیا میں آنے کی اجازت نہیں دیں گے اور انہیں دیگر شعبوں جیسے فرانزک سائنس میں مستقبل بنانے کا مشورہ دیا تھا۔
ان کے مطابق یہ سوچ ان کے والد کی قدروں سے جڑی ہوئی ہے جبکہ تریشالا ہمیشہ یہ کہتی آئی ہیں کہ ان کی زندگی کے فیصلے وہ اپنی خوشی کو سامنے رکھ کر کریں گی۔
سنجے دت اور ان کی مرحومہ اہلیہ رچا شرما جو 1996 میں کینسر کے باعث انتقال کرگئی تھیں، کی بیٹی تریشالا دت اور ان کے والد کے درمیان تعلقات ہمیشہ عوامی تجسس کا باعث رہے ہیں۔ تازہ ترین نوٹ نے ایک بار پھر اس موضوع کو شہ سرخیوں میں لا کھڑا کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








