ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار سلمان خان نے بیمار اداکار فراز خان کے اسپتال کا بھاری بل ادا کرکے لوگوں کے دل جیت لیے اور محبت کو اور مضبوط کرلیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق اداکار فراز خان گزشتہ ایک سال سے کھانسی اور سینے کے انفیکشن میں مبتلا ہیں، حال ہی میں طبیعت خراب ہونے کے باعث انہیں بینگلور کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے اداکار کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں داخل کرلیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق سینے میں ہونے والے انفیکشن نے فراز خان کے دماغ کو بھی متاثر کیا اب یہ انفیکشن دماغ میں بھی پھیلتا جارہا ہے جس کے باعث اداکار کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے تاہم اس دوران علاج پر آنے والے اخراجات 25 لاکھ روپے تک پہنچ گئے۔
اداکار فراز خان کے دوستوں نے سوشل میڈیا پر فراز کے علاج کے لیے پیسہ جمع کرنے کی مہم شروع کی، اس دوران جب یہ خبر سلمان خان تک پہنچی تو انہوں نے فوری طور پر تمام اخراجات خود اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
بالی ووڈ سلمان خان کی اس مدد کے حوالے سے شوبز فنکارہ کشمیرہ نے انسٹا گرام پر دبنگ خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ فراز کی مدد کرنے پر سلمان خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اداکار فراز خان کی نازک حالت کے دوران سلمان خان نے ان کے لئے بھرپور تعاون کیا،ان کی مدد ایسے ہی کی جیسے وہ ہمیشہ دوسروں کی کرتے ہیں، سلمان خان فلم انڈسٹری کے واحد شخص ہیں جو کہ حقیقی زندگی میں بھی ہیرو کا کردار ادا کرتے ہیں۔