بالی وُڈ اداکار سلمان خان نے بگ باس شو کے دوران کہا ہے کہ ان پر ایسی باتوں کے بھی الزام لگتے ہیں جو انہوں نے کی ہی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی اُن باتوں کی قیمت ادا کر رہے ہیں جو انہوں نے 30 یا 40 سال پہلے کہی تھیں۔
یہ بات انہوں نے اُس وقت کہی جب شو میں ایک ٹاسک کے دوران امیدواروں کو یہ موقع دیا گیا کہ وہ کسی دوسرے امیدوار کا اہل خانہ کا خط پھاڑ کر گھر کے کپتان بن سکتے ہیں۔
امیدوار فرحانہ بھٹ نے نیلم کا خط پھاڑ کر کپتانی حاصل کی جس پر نیلم جذباتی ہو گئیں۔ اس پر امیدوار امل ملک نے فرحانہ سے بدسلوکی کی ان کی پلیٹ چھین لی اور نازیبا الفاظ استعمال کیے۔
سلمان خان نے امل ملک کی حرکت پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی یہ حق نہیں کہ وہ خود کو خدا سمجھے اور دوسروں پر فیصلہ سنائے۔امل نے اپنے رویے کی وضاحت میں کہا کہ وہ غصے میں تھا کیونکہ فرحانہ نے اسے سستا موسیقار کہا تھا۔
سلمان خان نے کہا کہ انسان کو برداشت اور شائستگی سے کام لینا چاہیے۔ بعد میں امل کے والد بھی اسٹیج پر آئے اور بیٹے کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی خاتون سے بدتمیزی نہ کرے۔
سلمان خان نے اس موقع پر کہا کہ لوگوں کو اگر آپ اچھا بھی کریں تو وہ دکھاوا سمجھتے ہیں اور اکثر زندگی بھر کچھ پرانی باتوں کی سزا بھگتنا پڑتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








