ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہونے والا ہے! وفاقی وزیر خزانہ کو پیکج مل گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط دسمبر کے آخر تک موصول ہونے کی امید ہے۔ ان کے مطابق اس قسط سے ملک کی معاشی صورتحال میں استحکام کی امید مزید مضبوط ہوئی ہے۔

محمد اورنگزیب ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے مختلف بین الاقوامی اداروں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 20 سے زائد وزارتی اجلاسوں میں شریک ہوئے جہاں پاکستان کے لیے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو فوری فعال کرنے کی بھی اپیل کی گئی۔

وزیر خزانہ نے بین الاقوامی فنانس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر مکھتار دیوپ سے بھی ملاقات کی جس میں ریکوڈک منصوبے میں ایکزِم بینک کی شمولیت پر امید ظاہر کی گئی۔

انہوں نے عالمی مالیاتی ادارے جے پی مورگن کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملاقات کی جہاں دونوں فریقین نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ جلد اجلاس میں معاہدے کی توثیق کرے گا جس کے بعد دسمبر کے آخر تک فنڈز کی فراہمی متوقع ہے۔

انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ آئی ایم ایف پاکستان پر کوئی ایسا دباؤ ڈال رہا ہے جو قومی مفاد کے خلاف ہو۔ ان کے بقول، اب تک جتنی بھی اصلاحات کی گئی ہیں وہ پاکستان کی اپنی معاشی ضروریات کے مطابق کی گئی ہیں۔

وزیر خزانہ نے یہ بھی بتایا کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی اور ٹیرف معاہدے پر بات چیت آخری مراحل میں ہے اور ایک سے دو ہفتوں میں اس حوالے سے پیش رفت کی توقع ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ حکومت نیویارک کے روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے معاملے پر بھی فیصلہ کن مرحلے کے قریب ہے۔

Related Posts