فرانس میں جاری کانز فلم فیسٹیول میں صنم سعید کے جلوے

تازہ ترین

تازہ ترین

صنم سعید
(فوٹو: آن لائن)

پاکستانی ڈرامہ اور فلمی دنیا کی معروف اداکارہ صنم سعید نے فرانس میں منعقد ہونے والے ’کانز فلم فیسٹیول 2026‘ کے ریڈ کارپٹ پر پہلی بار شرکت کرتے ہوئے اپنی دلکش موجودگی سے سب کی توجہ حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق اپنی شاندار اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں جگہ بنانے والی صنم سعید نے اس عالمی تقریب میں ’ساؤتھ ایشین ویمن ایکسیلنس اِن سنیما اینڈ آرٹس‘ کے اعزازی وفد کی نمائندہ کے طور پر شرکت کی۔فرانس کے شہر کانز میں جب صنم سعید ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئیں تو وہاں موجود شرکاء نے پرتپاک انداز میں تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا، جس پر اداکارہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Hussain Rehar (@hussainrehar.official)

کانز فیسٹیول میں اداکارہ صنم سعید  نے معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر حسین رہر کا تیار کردہ نفیس لباس زیب تن کیا اور   حسین رہر کے خصوصی شو کیس میں بھی شرکت کی، جہاں ان کے منفرد اور باوقار انداز کو سراہا گیا۔۔

مور سے متاثر ہو کر تیار کیے گئے اس ہالٹر نیک اور بیلون ہیم والے شاہکار لباس کو حسین رہر کے 50 ہنرمند کاریگروں نے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد مکمل کیا تھا۔ اس خوبصورت لباس پر مکیش، زردوزی اور شیشے کا نہایت نفیس اور چمکدار کام کیا گیا تھا۔

صنم سعید نے اس کے ساتھ ہم رنگ دوپٹہ اوڑھا، بالوں میں لمبی چوٹی بنائی اور سفید گلابوں کا گجرا سجا کر اپنی شخصیت کو مزید دلکش بنا دیا۔ کانز فلم فیسٹیول 2026 کے چوتھے روز نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی اپنی ثقافت اور فن کے رنگ بکھیرے۔12 مئی سے جاری یہ فیسٹیول 23مئی تک جاری رہے گا۔

Related Posts