معروف فیشن برانڈ ثنا سفیناز کی روح رواں اور سفیناز منیر کی صاحبزادی ساشا منیر شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ثنا ہاشوانی کے ہمراہ ثنا سفیناز کی روح رواں سفیناز منیر کی صاحبزادی ساشا منیر نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں لکی گروپ کے سی ای او محمد علی طبا کے بیٹے سے شادی کی۔ سوشل میڈیا صارفین نے شادی کی ویڈیوز اور تصاویر پر دونوں کو زندگی کے نئے سفر کی مبارکباد دی۔
خیال رہے کہ پاکستانی فیشن انڈسٹری میں ثنا سفیناز ایک نمایاں اور بااثر نام سمجھا جاتا ہے جسے معروف ڈیزائنرز ثنا ہاشوانی اور سفیناز منیر نے قائم کیا۔ یہ برانڈ ابتدا میں اعلیٰ درجے کے تیار ملبوسات اور کوچر کلیکشنز سے شہرت حاصل کرتی نظر آئی، بعد ازاں لان اور فارمل ملبوسات میں بھی شناخت کو مضبوط کیا۔
اسی طرح لکی گروپ میں لکی سیمنٹ سمیت متعدد ادارے شامل ہیں جس نے سیمنٹ، آٹو موبائل، کیمیکلز، توانائیا ور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی اور ملک کے بڑے صنعتی گروپس میں جگہ بنائی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں اس جوڑے کو خوش و خرم دیکھا جاسکتا ہے۔
شادی کی استقبالیہ تقریب میں محمد علی طبا (ستارۂ امتیاز) کے صاحبزادے حسن اور سفیناز و بلال منیر کی صاحبزادی ساشا کی شادی کا جشن منایا گیا۔ یہ استقبالیہ بیگم کلثوم اے۔ رزاق طبا کی جانب سے دیا گیا، جس میں ملک کی سیاسی قیادت، مسلح افواج، کاروباری حلقوں، میڈیا اور عوامی خدمات سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر، صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور چیئرمین اینگرو گروپ حسین داؤد بھی شامل تھے۔
اس کے علاوہ عقیل کریم ڈھیڈی، شرمیلا فاروقی، سی ای او کیپیٹل ٹی وی ہاشم شیخ، قونصل جنرل مراکش اشتیاق بیگ، رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ، اداکار عدنان صدیقی اور سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے بھی شادی کی تقریب میں شرکت یقینی بنائی۔
ڈی ایچ اے فیز 8 کراچی میں واقع آرکیڈینز میں اتوار کے روز منعقد ہونے والی استقبالیہ تقریب میں شریک مہمانوں نے دلہا اور دلہن کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ یہ تقریب خوشگوار ماحول، باوقار انتظامات اور روایتی مہمان نوازی کے باعث دیر تک عوامی توجہ کا مرکز بنی رہی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








