اسلام آباد: سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور سمیت دفاعی تعاون اور بین الاقوامی تزویراتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جنرل فیاض بن حمید الرویلی کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں معزز مہمان کا پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔
ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے اپنے حقیقت پر مبنی پالیسی فیصلوں کا ذکر کیا جن کے تحت پاک فضائیہ کو جدید ٹیکنالوجیز کے حصول، انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور آپریشنل و ٹریننگ ڈومینز کی ازسر نو تشکیل کے ذریعے جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
ایئر چیف نے کہا کہ مسلم دنیا کا مرکز اور ایک بہترین تزویراتی شراکت دار ہونے کی حیثیت سے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط استوار ہیں جو دونوں ممالک کے مابین بیمثال دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہیں۔
انہوں نے دونوں افواج کے مابین تعاون اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود تعلقات کو فروغ دینے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا میں فورسز کا آپریشن، 8دہشت گرد ہلاک
دونوں ممالک کے مابین بھائی چارے کے رشتے کو اجاگر کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ ”پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔”
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








