کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ راست کے ذریعے 500 ارب روپے پراسیس کیے جاچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک پوڈ کاسٹ سیریز کی 15ویں قسط میں ڈیجیٹل فنانشل سروسز گروپ اور پاکستان کے ڈیجیٹل مالی امور کے حوالے سے ارتقائی سفر کا احاطہ کیا گیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر سہیل جواد نے معاشی اعدادوشمار پر روشنی ڈالی۔
محمود مولوی کی امریکی قونصل جنرل سے ملاقات، پاک امریکا تعلقات پر گفتگو
ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک نے ڈیجیٹلائزیشن میں تیزی لانے، ٹیکس، متعلقہ فریقین کیلئے سازگار پلیٹ فارم مہیا کرنے اور فریم ورک کے انفرا سٹرکچر پر گفتگو کی۔ نظامِ ادائیگی مہیا کرنے والے ون لنک اور نفٹ کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
اسٹیٹ بینک ایگزیکٹوڈائریکٹر سہیل جواد نے کہا کہ راست ایک صارف دوست نظام ہے جس میں فرد بغیر کسی لاگت کے رقم بھیجتا یا وصول کرتا ہے۔ صارف کو اپنے موبائل نمبر کو اپنے ترجیحی بینک اکاؤنٹ سے منسلک کرنا پڑتا ہے۔
سہیل جواد نے کہا کہ راست کو متعارف کرائے جانے کے بعد سے اب تک اس طریقۂ کار کے ذریعے کم و بیش 500 ارب روپے پراسیس کیے جاچکے ہیں جبکہ راست کا طریقہ کار رواں برس فروری کے دوران متعارف کرایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ راست کے ذریعے روزانہ 2 لاکھ 50 ہزار سے لے کر 3لاکھ ٹرانزیکشنز روزانہ ہوسکتی ہیں۔ واضح رہے کہ راست سروس سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور میں شروع کی گئی تھی جسے عوام کی بڑی تعداد استعمال کرتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








