کراچی :وفاقی وزارتِ تعلیم نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث کراچی میں بھی اسکول 6 جون تک بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
وفاقی وزارتِ تعلیم کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ اور مظفرآباد سمیت کئی شہروں میں اسکول چھ جون تک بند رہیں گے۔
اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہونے پر کیا گیا ہے، 5 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں اسکول 24 مئی سے کھلیں گے۔
واضح رہے کہ کراچی بھر میں سرکاری و نجی اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے بند ہیں تاہم اساتذہ آن لائن کلاسز یا طلبہ کو مختلف اوقات میں بلانے کے لیے مسلسل اسکولوں میں حاضر ہو رہے ہیں۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کردی گئی، شادی ہالز اور سیاحتی مراکز بدستور بند رہیں گے۔
کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی روک تھام کیلئے نافذ العمل پابندیوں میں 14 روز کی مزید توسیع کردی گئی ہے جبکہ یہ فیصلہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مرادعلی شاہ کی زیرِ صدارت کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں صوبائی کابینہ کے اراکین، ماہرینِ طب، پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
سیکریٹری صحت نے کہا کہ 15 سے 21 مئی تک کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 13.97فیصد رہی۔