میرپورخاص میں ہوس کا مارا اسکول پرنسپل درندہ بن گیا، جوائننگ کے تیسرے دن ہی خاتون ٹیچر کو جنسی طور پر ہراساں کرنے لگا اور منع کرنے پر خاتون ٹیچر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے لگا، جس سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میرپور خاص کے علاقے جمن داس کالونی میں قائم ایک نجی اسکول کی 25 سالہ فیمیل ٹیچر روت مسیح نے ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ نوکری کے تیسرے ہی دن اسکول کے انچارج اعظم شاہ کی جانب سے مبینہ طور پر زبردستی اور دست درازی کی کوشش کی گئی۔
متاثرہ خاتون نے واقعے کے خلاف میرپورخاص پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے انصاف اور تحفظ کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں نہ صرف ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ انہیں مسلسل خوف اور دباؤ کا بھی سامنا ہے۔
فیمیل ٹیچر نے روتے ہوئے کہا کہ اسکول انچارج خواہش پوری نہ کرنے اور غلط مطالبات نہ ماننے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے اور پولیس بھی الٹا مجھے ہی جھوٹی قرار دے رہی ہے۔
خاتون ٹیچر نے ڈی آئی جی میرپورخاص، ایس ایس پی اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔
پولیس کی جانب سے تاحال واقعے کی باضابطہ تحقیقات کا آغاز نہیں کیا گیا، تاہم معاملہ سامنے آنے کے بعد شہری حلقوں میں شدید ردعمل پایا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








