کراچی: شہر قائد میں ٹروپیکل سائیکلون کے خدشات کے پیش نظر کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے جمعہ کو کراچی کے سرکاری اور نجی اسکولز بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔
شہر قائد میں گزشتہ کئی روز سے جاری بارش کے بعد انتظامیہ نے کل 30اگست بروز جمعہ کو شہر میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کی چھٹی کا فیصلہ کیا ہے۔

کمشنر کراچی نے محکمہ موسمیات اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ایڈوائزری کی روشنی میں شہر کے تمام اضلاع میں واقع گورنمنٹ اور پرائیویٹ تمام اسکولز بند رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کے رن آف کچھ پر ڈیپ ڈپریشن اور شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ممکنہ سمندری طوفان کے باعث محکمہ موسمیات نے ٹروپیکل سائیکلون الرٹ جاری کیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیپ ڈپریشن (ڈی ڈی، بہت مضبوط کم دباؤ کا علاقہ) رن آف کچھ، ہندوستان کے اوپر پچھلے 12 گھنٹوں کے دوران بہت آہستہ آہستہ مغرب اور جنوب مغرب میں منتقل ہوا، اب یہ کراچی کے جنوب مشرق میں تقریبا 270 کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے۔
امکان ہے کہ یہ نظام مغرب اور جنوب مغرب کی طرف بڑھے گا اورسندھ کے ساحل کے ساتھ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں پہنچے گا۔سازگار ماحولیاتی حالات، سمندر کی سطح کا درجہ حرارت اور بالائی سطح کے ڈائیورژن کی وجہ سے، یہ نظام کل تک مزید شدت اختیار کر کے ایک سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








