کراچی میں شدید بارشوں اور سیلاب کے خدشات باعث سندھ حکومت نے آج یعنی جمعرات کے روز تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
محکمۂ تعلیم سندھ نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں مزید بارشوں کے پیشِ نظر جمعرات کو بھی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔محکمہ تعلیم سندھ کے اعلامیے کے مطابق کراچی میں کل بھی نجی و سرکاری اسکول اور کالج بند رہیں گے۔
محکمہ تعلیم کے وزیر سردار شاہ نے ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ طلبہ کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ کے فیصلے موسم کی صورتحال کے مطابق کیے جائیں گے۔

تیز بارشوں نے کراچی کے مختلف علاقوں کو متاثر کیا، کئی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں اور شہری زندگی مفلوج ہو گئی۔ بڑے پیمانے پر ٹریفک جام کے ساتھ ساتھ بجلی کی طویل بندش نے بھی شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا۔
محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق اسکولوں اور کالجوں کی بندش کا مقصد یہ ہے کہ طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کو غیر محفوظ حالات میں گھروں سے نکلنے پر مجبور نہ ہونا پڑے جبکہ شہری انتظامیہ نکاسی آب اور ریلیف کے کاموں میں مصروف ہے۔
کراچی میں منگل سے جاری بارش کی وجہ سے بدھ اور جمعرات کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیاتاہم کل جمعہ کو تعلیمی ادارے کھلے گے یا نہیں اس حوالے سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








