لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں میں 31 اگست تک توسیع پر غور شروع کر دیا ہے۔
موجودہ شیڈول کے مطابق اسکول 15 اگست کو کھلنے تھے تاہم شدید گرمی اور جاری مون سون بارشوں کے باعث محکمہ اسکول ایجوکیشن نے چھٹیوں میں مزید توسیع کی تجویز پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کے اندرونی حلقوں میں اس تجویز کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے تاہم ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے باقاعدہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چھٹیوں میں ممکنہ توسیع سے متعلق مشاورت جاری ہے۔ ان کے مطابق بچوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر حکومت ہر پہلو کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔
واضح رہے کہ صوبہ بھر کے اسکولوں میں 28 مئی سے گرمیوں کی چھٹیاں جاری ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
تعلیمی ماہرین اور والدین کی بڑی تعداد نے بھی موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر چھٹیوں میں توسیع کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے تاکہ بچوں کو کسی بھی قسم کی موسمی بیماریوں یا حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








