زمین سے باہر زندگی کی تلاش میں سرگرداں سائنسدانوں نے ایسے 24 سیارے ڈھونڈ نکالے ہیں جہاں معیارِ زندگی زمین سے بھی بہتر ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محققین نے 2 درجن سیارے ڈھونڈ لیے ہیں جو ہمارے نظامِ شمسی سے باہر موجود ہیں جہاں زندگی کیلئے ضروری عناصر زمین کے مقابلے میں زیادہ مناسب اور قابلِ استعمال حالت میں موجود ہیں جن کے ستارے ہمارے سورج کے مقابلے میں زیادہ بہتر اور زندگی کو زیادہ مدد فراہم کرنے والے ثابت ہوسکتے ہیں۔
واشنگٹن اسٹیٹ یونیورسٹی کے سائنسدان ڈرک مکچ نے حال ہی میں آسٹرو بائیولوجی نامی عالمی سائنسی جریدے میں ایک تحقیق شائع کی ہے جس میں زندگی کیلئے زمین سے بہتر سیاروں پر معلومات فراہم کی گئی ہیں جن کے مطابق مذکورہ سیارے زیادہ پرانے، تھوڑے سے بڑے، قدرے گرم اور ممکنہ طور پر زمین سے زیادہ گیلے ہیں۔
سائنسدانوں کے مطابق زندگی ایسے سیاروں پر بہتر گزر سکتی ہے جو ایسے ستاروں کے گرد گھومتے ہیں جن کی زندگی ہمارے سورج کے مقابلے میں زیادہ طویل ہے۔ جن 24 سیاروں کو دریافت کیا گیا ان کا زمین سے فاصلہ 100 نوری سال سے زائد ہے، تاہم اِس مطالعے سے ایسے مزید سیاروں کی تلاش میں زبردست پیشرفت ہوئی ہے۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نت نئی دور بینوں کے استعمال سے خلائی تحقیق میں انقلاب آیا ہے۔ ماہرینِ فلکیات کو اُمید ہے کہ مستقبل میں ایسے سیارے دریافت کیے جاسکتے ہیں جہاں روانگی زمین پر رہنے والے انسانوں کیلئے آسان ہوگی اور معیارِ زندگی بھی زمین سے بلند ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: مریخ رواں ہفتے زمین کے قریب ترین، دُور بین کے بغیر بھی دیکھا جاسکے گا۔ماہرین
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








