اسلام آباد: پنجاب و خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات پر از خود نوٹس کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر از خود نوٹس لیا۔ معاملے کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ کا 9رکنی بینچ بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
سانحہ بارکھان، کنویں سے ملنے والی لاش بیٹی کی نکلی
آج دوپہر 2 بجے سپریم کورٹ میں از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوگی۔ 9 رکنی بینچ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ خان آفریدی، جسٹس منیب اختر، جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل ہوگا۔
سپریم کورٹ کے 9 رکنی بینچ میں جسٹس جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس مظاہر نقوی اور ماضی میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے طور پر خدمات سرانجام دینے والے جسٹس اطہر من اللہ بھی شامل ہیں۔ لارجر بینچ انتخابات پر فیصلہ سنائے گا۔
دلچسپ طور پر پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں میں انتخابات کی آئینی ذمہ داری گورنر اور الیکشن کمیشن دونوں کے سر ڈالی جارہی ہے۔ سپریم کورٹ جائزہ لے گی کہ آئین کے اعتبار سے عام انتخابات کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے؟
عدالتِ عظمیٰ اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ عام انتخابات کی ذمہ داری کب اور کیسے ادا ہوگی؟ عام انتخابات پر وفاق اور صوبوں کی ذمہ داریاں کیا ہیں اور اسمبلی ختم ہونے کے بعد انتخابات کی تاریخ دینا کس کی آئینی ذمہ داری تھی؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








