لاہور:کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کا دوسرا راؤنڈ مکمل ہوگیا ہے۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلا گیا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا. سینٹرل پنجاب کو جیت کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔
میزبان ٹیم نے خیبر پختونخوا کو جیت کے لیے دوسری اننگز میں 331 رنز دئیے تاہم میچ کے آخری روز کے پی نے 60 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔
پہلی اننگز میں پانچ شکار کرنے والے محمد عرفان جونیئر نے دوسری اننگز میں بھی 34 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ یاسر خان 83 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کامران غلام نے 46 اور نبی گل نے ناٹ آؤٹ 41 اسکور بنائے۔
اس سے قبل 176 رنز کی برتری سے اپنی اننگز کا آغاز کرنے والی سینٹرل پنجاب نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز پر ڈکلیئر کردی تھی۔ محمد عرفان اور اسفند مہران بالترتیب 53 اور 48 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اُدھر سینٹرل پنجاب کے 340 رنز کے جواب میں خیبر پختون خواہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 164 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا گیا میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ پانچ رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے 88 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز ہی بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ اوپنر عظیم گھمن نے 13 چوکوں کی بدولت 100 رنز کی اننگز کھیلی۔ فہد اقبال 74 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل بلوچستان کے 277 رنز کے جواب میں ناردرن نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔
اُدھر رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے سندھ کو پانج وکٹوں سے ہرادیا۔ سدرن پنجاب نے میچ کے آخری روز 159 رنز کا ہدف 23.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ یوسف بابر 48 اور محمد عمیر 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل سندھ نے 8 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پوری ٹیم 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عمیر بن یوسف 50 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے علی عثمان نے دوسری اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری جانب سندھ کے 374 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب نے اپنی پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 382 رنز بنائے تھے۔