لندن پلٹ بزنس مین کی بیٹی زارا ملک کا کہنا ہے کہ میرے والد انیس ملک کو ان کی دوسری بیوی اور ان کی خالہ نے زہر دے کر قتل کردیا ہے۔
زارا ملک کا کہنا ہے کہ میرے والد مرحوم لندن میں اپنا کاروبار کرتے تھے انہوں نے لندن میں سارا کاروبار بند کیا اور لاہور آکر بزنس کرنے لگے تھے۔ میرے والد کو گزشتہ سال زہر دے کر قتل کردیا گیا تھا۔
ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے زارا ملک کا کہنا تھا کہ میرے والد کی دوسری بیوی عائشہ احد کی خالہ لگتی ہیں، عائشہ احد وہ خاتون ہیں جو دعویٰ کرتی ہیں کہ وہ حمزہ شہباز کی اہلیہ ہیں۔ میرے والد کی دوسری بیوی ، خالہ کے بیٹے اور بہو تینوں نے ملکر میرے والد کو زہر دیا تھا، ہم نے اپنے والد انیس ملک کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا تھا۔ پولیس نے جان بوجھ کر سیمپل ڈیڑھ ماہ تک اپنے پاس رکھے اور پھر پوسٹ مارٹم کی رپورٹ پولیس نے ہمیں ابھی تک نہیں دی۔
زارا ملک کا کہنا تھا کہ ان ملزمان نے دھوکہ دہی کر کے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ نادرا میں اپنے بچوں کے نام ڈلوائے بچوں کی ولدیت میرے والد کی ظاہر کی ہم نے وہ سب کچھ کینسل کروا دیا ہے، یہ سب کچھ ان دھوکے بازوں نے حصول جائیداد کے لئے کیا۔ رضیہ بیگم جو کہ ملزمہ ہے ایف آئی اے نے اس کو اشتہاری قرار دے دیا ہے ہے۔ ملزمان کہتے ہیں کہ حمزہ شہباز جیل سے باہر آ گئے ہیں دیکھو تمہارا کیا حال کرتے ہیں ہمیں نہیں پتہ کہ حمزہ شہباز ان کو سپورٹ کر رہا ہے کہ نہیں، لیکن یہ لوگ حمزہ شہباز کا نام استعمال کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس ہمیں پوسٹ مارٹم کی رپورٹ نہیں دے رہی، اور رپورٹ دبا کر بیٹھی ہے۔ پولیس ہم سے تعاون نہیں کر رہی میں اپیل کرتی ہوں وزیراعظم عمران خان آرمی چیف سے کہ ہم اوورسیز پاکستانی انصاف کے لئے دربدر ہو رہے ہیں لیکن ہمیں انصاف نہیں مل رہا مجھے خدشہ ہے کہ پولیس نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کو تبدیل کر دیا ہے۔ مجھے ہراساں کیا جارہا ہے میرے فون ٹیپ کیے جاتے ہیں۔ مجھے کہا جاتا ہے کہ ہم تمہاری عزت بھی برباد کر دیں گے میں مطالبہ کرتی ہوں آئی جی پنجاب پولیس سے کہ میرے والد کے قاتلوں کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے اور ان کو قانون کے مطابق سزائیں دلوائی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : ڈاکٹر شاہد قریشی نے جامعہ اردو کا وائس چانسلر تعینات ہونے سے معذرت کر لی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








