بالی ووڈ کی دلکش اداکارہ تمنا بھاٹیہ ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں لیکن اس بار ان کی فلموں سے زیادہ ان کی ذاتی زندگی کی افواہوں نے ہلچل مچائی ہوئی ہے۔ وراٹ کوہلی کے ساتھ مبینہ افیئر اور سابق پاکستانی کرکٹر عبدالرزاق کے ساتھ خفیہ شادی کی چہ مگوئیوں نے سوشل میڈیا پر خوب زور پکڑا۔ تاہم، تمنا نے اپنے مخصوص دلکش اور مزاحیہ انداز میں ان تمام افواہوں کو مسترد کر دیا ہے۔
تمنا، جنہوں نے اپنی اداکاری، خوبصورتی اور رقص سے لاکھوں دلوں پر راج کیا اپنے مداحوں کے لیے ہمیشہ سے ایک راز کی طرح رہی ہیں۔ ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں جاننے کی تجسس ہر کسی کو رہتی ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ افواہیں زوروں پر تھیں کہ تمنا نے نہ صرف بھارتی کرکٹ کے لیجنڈ وراٹ کوہلی کو ڈیٹ کیا بلکہ عبدالرزاق کے ساتھ بھی ان کی شادی ہو چکی ہے۔ ان افواہوں نے ان کے مداحوں کو حیران کر دیا تھا لیکن تمنا نے ان سب کو ایک کھلے دل اور ہلکے پھلکے انداز میں جواب دیا۔
وراٹ کوہلی کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات پر تمنا نے کہاکہ یہ سن کر مجھے ہنسی آتی ہے۔ میں وراٹ سے صرف ایک دن کے لیے ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران ملی تھی۔ اس کے بعد نہ تو ہماری کوئی ملاقات ہوئی اور نہ ہی کوئی بات چیت۔ یہ سب محض افواہیں ہیں۔ دراصل 2010 کے اوائل میں تمنا اور وراٹ کی ایک ایڈ شوٹ کی تصویر وائرل ہوئی تھی جس نے ان افواہوں کو ہوا دی۔ لیکن تمنا نے واضح کیا کہ یہ صرف ایک پیشہ ورانہ ملاقات تھی اس سے زیادہ کچھ نہیں۔
دوسری جانب عبدالرزاق کے ساتھ خفیہ شادی کی بات پر تمنا ہنس پڑیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہاکہ اگر انٹرنیٹ کی باتوں پر یقین کیا جائے تو میری شادی عبدالرزاق سے ہوئی اور پھر ختم بھی ہو گئی۔ یہ سب کتنا عجیب ہے۔
تمنا نے بتایا کہ انہیں ایک بار عبدالرزاق کے ساتھ ایک جیولری اسٹور میں دیکھا گیا تھا جس سے یہ افواہ پھیلی لیکن ان کا کہنا ہے کہ ایسی بے بنیاد باتوں پر وہ صرف ہنس کر نظر انداز کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ لوگ جو چاہیں سوچ لیں، آپ سب کو کنٹرول نہیں کر سکتے۔ وقت کے ساتھ آپ یہ سمجھ جاتے ہیں کہ ایسی باتوں کا کوئی فائدہ نہیں۔
تمنا ان افواہوں کو ایک مثبت اور ہلکے پھلکے انداز میں لیتی ہیں۔ حال ہی میں ان کے گانے ‘آج کی رات’ نے فلم ‘استری 2’ میں خوب دھوم مچائی، جسے ناظرین نے بے حد پسند کیا۔
تمنا نے اپنے کیریئر کا آغاز 2005 میں ہندی فلم ‘چاند سا روشن چہرا’ سے کیا تھا، لیکن انہیں اصل شہرت 2015 کی بلاک بسٹر فلم ‘باہوبلی: دی بیگننگ’ سے ملی، جہاں ان کے کردار کو بے حد سراہا گیا۔ ہندی کے علاوہ تامل اور تیلگو سنیما میں بھی تمنا نے اپنی اداکاری کا جادو جگایا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








