کراچی سمیت صوبے بھر میں دفعہ 144؛ عاشورہ پر ڈبل سواری پر پابندی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی میں یوم عاشور کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جبکہ صوبے بھر میں دفعہ 144نافذ کردی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

پاکستان رینجرز سندھ کے ہیڈکوارٹرز میں ڈی جی سندھ میجر جنرل محمد شمریز کی سربراہی میں ایک اہم سیکیورٹی اجلاس ہوا، جس میں کراچی میں محرم الحرام کے جلوسوں کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں شرکاء نے پولیس اور رینجرز کے مشترکہ فلیگ مارچ اور اسنیپ چیکنگ کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا، تاکہ جلوسوں، مجالس اور راستوں کی سکیورٹی کو مضبوط کیا جائے ۔ ڈی جی رینجرز نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ انٹیلیجنس معلومات کا اشتراک کریں اور داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت بنائیں، تاکہ ممکنہ خطرات کا پیشگی سدباب ہو سکے ۔

علاوہ ازیں، اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 0347‑9001111 پر دیں ۔

دوسری جانب ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی، وفاقی دارالحکومت میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے ایام میں امن و امان برقرار رکھنے، جلوسوں اور مجالس کی حفاظت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے احکامات دیے اور ہدایت کی کہ فول پروف سکیورٹی کے لیے سیف سٹی کے تحت ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے درجاتی حصار قائم کیے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے جامع ٹریفک پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے۔

Related Posts