سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے 2 اضلاع میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 9دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ 5دسمبر کو ضلع ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ مؤثر کارروائی اور شدید فائرنگ تبادلے کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اسی نوعیت کی ایک اور کارروائی کے دوران لکی مروت میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
شعبہ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کے خلاف دہشت گردی میں ملوث تھے۔ دہشت گردی سے متأثرہ علاقے میں کلیرنس آپریشنز جاری ہیں جس کامقصد کسی بھی دیگر دہشت گرد کا خاتمہ کرنا ہے۔
سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور فورسز قومی ایکشن پلان کی وفاقی اپیکس کمیٹی میں منظور کردہ حکمتِ عملی عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








