انٹرنیٹ کی رفتار سست، سینیٹ کمیٹی میں نقصانات کی رپورٹ طلب

تازہ ترین

تازہ ترین

انٹرنیٹ
(فوٹو: گیڈ انسائیڈر)

اسلام آباد: سینیٹ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی  نے انٹرنیٹ کی سست رفتاری کے باعث نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایوانِ بالا کی کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس سینیٹر پلوشہ کان کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی اراکین نے سوشل میڈیا ایپس اور انٹرنیٹ سست اور ڈاؤن ہونے کا معاملہ اٹھایا اور مختلف سوالات کیے۔

اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپس سست ہیں جس سے کاروبار متاثر ہورہا ہے۔ سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے سے کم از کم 50 کروڑ کا نقصان ہوا۔

سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی نے دورانِ اجلاس کہا کہ موبائل آپریٹرز کی سروس تعطل کا شکار ہوئی ہے۔ تکنیکی مسئلہ جلد از جلد حل ہوجائے گا۔ سینیٹ کمیٹی نے سوشل میڈیا ایپس اور انٹرنیٹ کے باعث نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی۔

سینیٹ کمیٹی نے حکام کو سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے مسائل 2 ہفتوں میں حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل دنیا بھر میں تو آن لائن روابط معمول پر آگئے تاہم پاکستان میں انٹرنیٹ مسلسل خلل کا شکار ہے۔

عوام کو موبائل ایپس میں آئے روز خلل پڑنے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈاؤن لوڈنگ کی اسپیڈ انتہائی سست روی کا شکار ہوگئی۔ اس سے قبل 31 جولائی کو بھی پی ٹی سی ایل کا انٹرنیٹ سسٹم ڈاؤن ہوگیا تھا جس سے انٹرنیٹ سروس بے حد متاثر ہوئی۔

Related Posts