کنگ خان کا دبئی میں راج، شاہ رخ کے نام پر 480 ملین ڈالر کا 55 منزلہ کمرشل ٹاور بنے گا

تازہ ترین

تازہ ترین

شاہ رخز ڈنیوب، فوٹو آن لائن

شاہ رخ خان نے مقبولیت کی نئی تاریخ رقم کر دی، وہ پہلے بالی وُڈ اسٹار بن گئے ہیں جن کے نام پر دبئی میں سرکاری طور پر ایک بڑے کمرشل ٹاور کا نام رکھا گیا ہے۔

“شاہ رُخز بائی ڈنیوب” کے نام سے یہ پروجیکٹ 15 نومبر 2025 کو ممبئی میں ایک بڑی تقریب کے دوران منظرِ عام پر آیا۔ یہ نہ صرف شاہ رخ خان کے کیریئر بلکہ خلیجی خطے میں ان کے نام سے منسوب رئیل اسٹیٹ کے حوالے سے بھی ایک اہم سنگِ میل ہے۔

55 منزلہ یہ گریڈ-اے کمرشل ٹاور ڈنیوب پراپرٹیز  جو 2 ارب ڈالر کے ڈنیوب گروپ کا حصہ ہے کی جانب سے دبئی کی مشہور ترین شیخ زاید روڈ پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جو شہر کا سب سے پوش کاروباری مرکز سمجھا جاتا ہے۔

4,000 کروڑ روپے (تقریباً 480 ملین ڈالر) مالیت کا یہ منصوبہ دبئی کی پہلی رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ ہے جسے مستقل طور پر کسی سلیبریٹی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

تقریب کے دوران ڈنیوب پراپرٹیز کے گروپ مینیجنگ ڈائریکٹر عادل سجان نے تصدیق کی کہ شاہ رخ خان کا نام ہمیشہ اس ٹاور سے منسلک رہے گا اور مستقبل میں کسی اور منصوبے کے لیے اس طرح کی برانڈنگ کا کوئی ارادہ نہیں۔

عادل سجان نے کہا کہ کم از کم دبئی میں مستقبلِ قریب میں کوئی اور اس طرح کا ٹاور اپنے نام سے نہیں بنا سکے گا۔

شاہ رخ خان نے اس پروجیکٹ کو اپنے لیے ایک جذباتی اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی مرحوم والدہ کے نام ایک خوبصورت خراجِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری والدہ بہت خوش ہوتیں۔ یہ بہت بڑا اعزاز ہے۔ جب میرے بچے یہاں آئیں گے تو میں ان سے کہوں گا، پاپا کا نام لکھا ہے، پاپا کی بلڈنگ ہے اور یوں انہوں نے اپنی فلم “کچھ کچھ ہوتا ہے” کا مشہور ڈائیلاگ دہرا دیا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان نے واضح کیا کہ وہ بہت کم چیزوں پر اپنا نام رکھتے ہیں، نہ ان کی پروڈکشن کمپنی (ریڈ چِلّیز انٹرٹینمنٹ) اور نہ ہی ان کا گھر (منت) ان کے نام پر ہے، اس لیے یہ اعزاز ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔

Related Posts