شہباز گل کی مبینہ ویڈیو،کیاحکومت نےجعل سازی کی ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

پی ٹی آئی کی طرف سے شہباز گل پر دوران حراست برترین تشدد کے الزامات کے بعد آج وفاقی حکومت نے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ شہباز گل ہشاش بشاش ہیں اور ان پر بظاہر کسی تشدد کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔ یہ ویڈیو جاری ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف حلقوں نے اس کی صحت پر سوالات اٹھائے ہیں۔

ایک بار پھر ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا چرچا 

سماجی رابطوں کی معروف مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بہت سے صحافی، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے صارفین اس بات پر شک کا اظہار کر رہے ہیں کہ یہ ویڈیو واقعی شہباز گل کی ہی ہے یا  ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کی مدد سے جعل سازی کے ذریعے کسی اور شخص کی تصویر کو شہباز گل بنا کر پیش کیا گیا ہے، یوں ایک بار پھر پاکستان کی سیاست میں ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا چرچا ہوگیا ہے۔

یہ ویڈیو جاری ہونے کے بعد سے ٹوئٹر پر Deep fake ٹرینڈ کر رہا ہے، جس میں مختلف الخیال افراد نے پانچ ہزار سے زیادہ ٹوئٹس کرکے حصہ لیا ہے۔

ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کیا ہے؟

آگے بڑھنے سے پہلے یاد دہائی کراتے جائیں کہ ڈیپ فیک وہ ٹیکنالوجی ہے، جس میں کسی بھی انسان کی نقل وحرکت، یہاں تک کہ شکل و صورت کو بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

چنانچہ اس ٹرینڈ میں سوال ہورہےہیں کہ کیا آج کی شیئرکردہ ویڈیوز اور تصاویرمیں ہشاش بشاش نظرآنےوالےشخص واقعی شہبازگل ہیں؟ یا اس ٹیکنالوجی کی مدد سے کسی اور شخص کی تصویروں کو شہباز گل بنا کر پیش کیا گیا ہے۔

حکومت کی جاری کردہ ویڈیو میں کیا ہے؟

حکومت کی طرف سے شیئر کردہ ویڈیو میں  ڈاکٹرشہباز گل کی شکل کا ایک شخص ہسپتال کے ایک کمرے میں بالکل تندرست حالت میں بغیر کسی آکسیجن ماسک کے بیٹھتا، کھڑا اورچلتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ ویڈیوزمیں دیکھا جاسکتاہے کہ وہ شخص کسی فائل کاجائزہ لیتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے اہلکارسے گفتگو بھی کر رہا ہے۔

صارفین کے سوالات

ٹوئٹر پر اس ٹرینڈ میں دیگر کے علاوہ کچھ معروف صحافیوں نے بھی حصہ لیا ہے اور تصاویر کی کڑیاں جوڑتے ہوئے حکومت کی جاری کردہ ویڈیو کو مشکوک ٹھہرا دیا ہے۔

سینئر صحافی وتجزیہ کار انوار لودھی نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کومخاطب کیا اور کہا کہ آپ کی تحویل میں رہ کر شہباز گل اتنے صحت مند ہوگئےکہ ان کی نظر کی عینک اتر گئی اور ان کے بال بھی گھنے ہوگئے۔

صحافی طارق متین نے انصار عباسی کےسوال کاجواب دیتے ہوئےکہا کہ آپ اپنی آنکھوں پر اعتبار کریں، یہ شخص کہاں سے شہباز گل نظر آرہا ہے؟ مجھے کوئی اور لگ رہا ہےاس لیے میں نے بتادیا۔

فیاض شاہ نامی صارف نے کہا کہ شہباز گِل کا قد 6 فٹ سے زیادہ اور جسم بھاری ہے۔ شہباز گِل کی مبینہ وڈیو والے بندے کی ہائیٹ 5 فٹ 7 انچ سے زیادہ نہیں لگ رہی، جسم بھی ہلکا ہے اور سب سے اہم بات کہ اِس کے سر پر گھنے بال ہیں۔

ایک اور صارف بولے کہ یہ ثابت کرنے والا کہ یہ تصویر شہباز گل کی ہے آنکھوں اور دل دونوں سے اندھا ہے۔

ان سوالات کی بوچھاڑ سے یہ حقیقت مشکوک ہوتی نظر آتی ہے کہ حکومت کی جاری کردہ ویڈیو واقعی شہباز گل کی ہے، جسے حکومت نے پورے یقین کے ساتھ جاری کیا ہے۔ 

ٹوئٹر پر اس بحث سے قطع نظر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تا حال آفیشلی اس ٹرینڈ اور اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ 

Related Posts