معروف سماجی کارکن اور سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے اداکارہ ہانیہ عامر کے حالیہ وائرل بائیک اسٹنٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ہانیہ عامر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ایک شخص کے ساتھ تیز رفتاری سے موٹر سائیکل کی سواری کر رہی ہیں۔
ویڈیو میں نہ تو انہوں نے ہیلمٹ پہنا ہے اور نہ ہی دیگر حفاظتی تدابیر اختیار کی ہیں۔ دورانِ سواری وہ موٹر سائیکل کے پیچھے کھڑے ہو کر جوش و خروش سے ڈانس بھی کر رہی ہیں جو کہ انتہائی خطرناک حرکت قرار دی جا رہی ہے۔
شنیرا اکرم نے انسٹاگرام پر اس ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ غیر ذمہ دارانہ عمل سڑک پر جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے پاکستان میں ہیلمٹ کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے برسوں ڈاکٹروں اور اسپتالوں کے ساتھ کام کیا ہے۔ یہ منظر میرے دل پر خنجر کی مانند لگا۔
انہوں نے مزید کہاکہ مشہور شخصیات کے پاس لاکھوں لوگوں کو متاثر کرنے کی طاقت ہوتی ہے اور جب اس طاقت کا غلط استعمال ہوتا ہے تو دل ٹوٹ جاتا ہے۔
شنیرا کے بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ان سے اتفاق کرتے ہوئے ہانیہ عامر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کئی صارفین نے اس حرکت کو غیر ذمہ دارانہ،خطرناک اورشرمناک قرار دیا جبکہ کچھ نے کہا کہ اس طرح کے مناظر قوم کو غلط پیغام دیتے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ بالکل درست ! ہانیہ کو کبھی کبھی رک جانا چاہیے، یہ سب حد سے زیادہ ہو جاتا ہے۔
ایک اور صارف نے کہاکہ ہانیہ سمجھتی ہیں کہ اس ویڈیو میں وہ اچھی لگ رہی ہیں حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ پاگل قوم کو عقل دینے کا شکریہ، خاص طور پر پڑھے لکھے طبقے کو تعلیم دینا ضروری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








