پاکستان کے سابق جارح مزاج بائیں ہاتھ کے اوپنر شرجیل خان کو ایک بار پھر ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے لیے پاکستان چیمپئنز اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 18 جولائی سے 2 اگست تک برمنگھم، انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔
فرنچائز نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شرجیل خان کی اسکواڈ میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے خوش آمدید کہا اور انہیں اپنی لائن اپ کا تازہ ہتھیار قرار دیا۔
پوسٹ کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ایک پل کے لیے آنکھ جھپکاؤ اور چھکا لگ چکا ہوتا ہے! شرجیل خان واپسی کر رہے ہیں تاکہ پہلے ہی گیند سے ٹیم کو دھواں دھار آغاز دیں۔ بتائیں، اس سیزن میں وہ کتنے چھکے لگائیں گے؟
یاد رہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024 میں شرجیل خان نے پاکستان چیمپئنز کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
وہ سات میچوں میں 221 رنز کے ساتھ ٹیم کے دوسرے کامیاب ترین بلے باز رہے۔ ان کا اوسط 31اعشاریہ 57 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 193اعشاریہ 85 رہا جو ان کی جارحانہ بیٹنگ کا واضح ثبوت ہے۔
35 سالہ شرجیل خان کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ اپنے 19 سالہ کریئر میں اب تک 161 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں جن میں 3793 رنز اسکور کیے جس میں 5 سنچریاں اور 17 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا بیٹنگ اوسط 24اعشاریہ 95 ہے۔
اس سے قبل پاکستان چیمپئنز نے اعلان کیا تھا کہ سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ چھ ممالک کے ریٹائرڈ اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جن میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 18 جولائی کو پاکستان چیمپئنز اور انگلینڈ چیمپئنز کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوگا، جو مشہور ایجبیسٹن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
مداحوں کو سب سے زیادہ انتظار 20 جولائی کو ہونے والے پاکستان اور بھارت کے روایتی حریفوں کے درمیان ٹکراؤ کا ہے جو اسی میدان میں شیڈول ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








