وزیراعظم شہباز شریف نے حلف اٹھا لیا، گارڈ آف آنر پیش

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: ہم نیوز)

اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم سے عہدے کا حلف لیا۔وزیراعظم ہاؤس میں شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کی تقریبِ حلف برداری ایوانِ صدر اسلام آباد میں ہوئی۔ نومنتخب وزیراعظم سے صدر عارف علوی نے حلف لیا۔ میاں محمد شہباز شریف نے عہدے کا حلف اٹھایا۔

تقریبِ حلف برداری میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔

نامزد صدارتی امیدوار آصف علی زرداری، نواز شریف، سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور دیگر بھی تقریب کا حصہ بنے۔

مختلف ممالک کے سفیروں نے بھی نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کی۔تقریب کے بعد شہباز شریف کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

(فوٹو: اسکرین گریب)

نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس کے عملے سے  فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان کو وزیراعظم ہاؤس کے عملے کا تعارف  کرایا گیا۔ عملے نے شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کی مبارکباد دی۔

اتوار کو قومی اسمبلی میں اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں شہباز شریف عمر ایوب خان کے 92 ووٹوں کے مقابلے میں 201ووٹ حاصل کرکے وزیراعظم بن گئے تھے۔

Related Posts