اسلام آباد:وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں استحکام آگیا ہے، کسی کے لانگ مارچ شارٹ مارچ سے کچھ فرق نہیں پڑتا، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اکثریت مل گئی ہے اب اصلاحات لائینگے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شبلی فرازنے کہا کہ عمران خان کی دیرینہ خواہش تھی کہ ماضی میں نظراندازعلاقوں کیلئے کچھ کیا جائے، وزیراعظم نے فاٹا کا انضمام کرایا، یہ آسان کام نہیں تھا، وزیراعظم نے فاٹا کو 100 ارب سالانہ کا بجٹ دیا، فاٹا سے مرزا آفریدی ہمارے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بنے، بلوچستان سے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ 30 سال سے حکومت کررہے تھے، عوام کو خوشحالی نہیں ملی، ان کے اثاثوں میں اضافہ ہوا۔سینیٹ میں ہماری اکثریت نہیں تھی، اہم ریفارم نہیں لا پارہے تھے، رکاوٹیں تھیں، عوام کو مصنوعی جھلک دکھائی گئی کہ عملی طور پر کچھ نہیں ہوا، ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا، ادارے مفلوج تھے۔
شبلی فرازنے کہا کہ نواز شریف سیاست میں آئے تو ایک فیکٹری تھی، پھر 29 فیکٹریاں بن گئیں، ان لوگوں نے ذاتی مقاصد کیلئے اداروں کو استعمال کیا، پیپلز پارٹی نے نظریے سے ہٹ کر ذاتی مقاصد کیلئے کام شروع کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ علاقائی جماعتوں میں تبدیل ہوگئی ہیں،پیپلز پارٹی فیڈریشن کی جماعت تھی، اب کمزور ہوکر رورل علاقوں میں چلی گئی، ان کی کوشش ہے حکومت کام نہ کرسکے، عوام کی خدمت نہ کرسکے، ان کی کوشش ہے آئے روز شوشے چھوڑے جائیں، ملک میں سیاسی استحکام نہ ہو۔
شبلی فرازنے کہا کہ معیشت بہتر ہورہی ہے،مہنگائی کاچیلنج ہے،وزیراعظم نے مہنگائی پرتوجہ مرکوز کررکھی ہے، عمران خان کے آنے کے بعد ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، ہم سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اکثریت میں آگئے ہیں، عوام کیلئے ریفارم کریں گے، ملک میں سیاسی استحکام نہ ہو تو اس کا نقصان ملک اور عوام کو ہوتاہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ کہا ہے کہ الیکشن میں اوپن ووٹنگ ہونا چاہیے،جس نے مخالفت کرنا ہے کھل کر مخالفت کرے، اوپن ووٹ کے لیے ہم عدالت بھی گئے، آرڈیننس بھی لائے، چارٹر آف ڈیموکریسی میں اپوزیشن نے اوپن ووٹ کی بات کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ اوپن ووٹنگ کی بات مان لیں، اب رو رہے ہیں، سینیٹ الیکشن میں واضح ہوگیا کہ یہ پارٹیاں آپس میں نہیں چل سکتیں، پی ڈی ایم کے اتحاد میں ان کے مفادات ایک دوسرے سے متصادم ہیں، ن لیگ نے پیپلز پارٹی کو چھرا مارا، پیپلز پارٹی نے مولانا کو چھرا مارا،۔
شبلی فرازنے کہا کہ ملک میں استحکام آگیا ہے،کسی کے لانگ مارچ شارٹ مارچ سے کچھ فرق نہیں پڑتا، اسلام آباد آئیں، ہم انھیں ایک گملا بھی نہیں توڑنے دیں گے، پی ڈی ایم کو ناکامی ہوگی، حق کی فتح ہوگی۔