بہاولپور کے علاقے خیرپور ٹامیوالی میں 16 سالہ لڑکی کی لاش سے مبینہ بے حرمتی کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کی نشاندہی کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی اس دوران مبینہ طور پر ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم مبینہ طور پر کالا جادو کرنے میں بھی ملوث تھا اور حال ہی میں سامنے آنے والے اس سنگین واقعے میں مرکزی کردار ادا کر رہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے سے متعلق شواہد اور بیانات کی روشنی میں ملزم کو ٹریس کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل خیرپور ٹامیوالی میں 16 سالہ لڑکی کی تدفین کے بعد پیر کی صبح قبر سے لاش غائب ہونے کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد لاش قریبی کھیتوں سے برآمد کی گئی تھی۔ اس واقعے پر علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کی موت کرنٹ لگنے سے ہوئی یا اسے قتل کیا گیا اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ لاش کے پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے اور فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








