کراچی: سندھ کابینہ کے اجلاس میں سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو 1 کروڑ روپے فی کس دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ متأثرہ دکانداروں کو 5، 5 لاکھ روپے کچن اور یوٹیلٹی اخراجات کیلئے ادا کیے جارہے ہیں جو کمشنر کے ذریعے دئیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متأثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ سندھ کابینہ نے متأثرہ دکانداروں کو ایک ایک کروڑ روپے بلا سود قرض دینے کی منظوری بھی دے دی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ 1 کروڑ کا بلا سود قرض دکانداروں کو کاروبار کے از سر نو آغاز کیلئے دیا جارہا ہے۔ ایک کروڑ روپے پر واجب الادا سود سندھ حکومت ادا کرے گی۔ تمام متأثرہ دکانداروں کو 2 ماہ میں کاروبار شروع کرنے کیلئے دکان کی سہولت دیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گل پلازہ میں 1200 سے زائد دکانیں جل کر راکھ ہوگئیں، جس میں تاجروں کے نقصان کا تخمینہ اربوں روپے لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت دکانداروں کے تحفظ اور سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








